بھارتی عوام کی جانب سے فلم ساز کرن جوہر اور اداکارہ عالیہ بھٹ کو اقرباپروری اور سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے جس پر بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
رواں ماہ 14جون کو گلے میں پھانسی کا پھندہ ڈال کر خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے واقعے کے بعد سے بھارتی عوام کی جانب سے بالی ووڈ انڈسٹری اور دیگر نامور بھارتی شخصیات کو اداکار کی خودکشی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
اِس ضمن میں بھارت سمیت پاکستان میں 16 جون کو ٹوئٹر پر بائیکاٹ کرن جوہر گینگ مووی ٹاپ ٹرینڈ رہا اور اس ٹرینڈ کے تحت فلم ساز کرن جوہر اور اداکارہ عالیہ بھٹ سمیت دیگر بھارتی شخصیات پر اقربا پروری اور سوشانت سنگھ راجپوت جیسے قابل اداکاروں کو نظر انداز کرنے کے الزامات لگائے گئے۔
اِسی حوالے سے بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے مائیکرو بالاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت میں ٹوئٹر پر کرن جوہر اور عالیہ بھٹ سے متعلق کچھ ہیش ٹیگ استعمال کرکے اُن پر یہ الزامات عائد کیے جارہے ہیں کہ سوشانت سنگھ کی خودکشی کی وجہ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ ہیں۔‘
سوارا بھاسکر نے لکھا کہ ’ایک مزاحیہ شو میں ہونے والی غیر سنجیدہ گفتگو کو سنجیدہ لیتے ہوئے بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سوشانت کا مذاق اُڑایا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں گیا اور خودکشی کی۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’جو لوگ بالی ووڈ پر الزامات عائد کر رہے ہیں وہ بیوقوفی کر رہے ہیں۔‘
سوارا بھاسکر نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سوشانت سنگھ نے خودکشی سے پہلے کوئی نوٹ نہیں چھوڑا، ہم نہیں جانتے کس پریشانی کی وجہ سے اُس نے اپنی جان لی۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’براہ مہربانی منفی سوچ اور مایوسی کو پھیلانے سے روکیں، سوشانت نے کسی کے لیے کوئی پیغام نہیں چھوڑا تھا کیونکہ وہ اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا تھا۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ اب اس دنیا سے جاچکا ہے، اُس کے اہل خانہ کو سکون اور رازداری کے ساتھ رہنے دیں۔‘
یاد رہے کہ کرن جوہر نے اپنے ایک شو میں جب عالیہ بھٹ سے سوشانت سنگھ کے حوالے سے سوال کیا تھا تو اداکارہ نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کون سوشانت سنگھ، جس پر کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سوشانت سنگھ پر گفتگو کرتے ہوئے قہقہہ لگانا شروع کردیے تھے یہی وجہ ہے کہ بھارتی عوام میں اداکار کی خودکشی کے حوالے سے غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔