• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے مزید 4 سب سیکٹرز سربمہر، راولپنڈی کے 22 علاقوں میں لاک ڈائون کا حکم

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید چار سب سیکٹر اور دو تجارتی مراکز غیر معینہ مدت کے لئے سیل کر دیئے گئے جبکہ جی ٹین، جی سیون ، لوہی بھیر اور غوری ٹاون میں بھی سمارٹ لاک ڈاون کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔سیکٹر آئی ایٹ میں 16جبکہ آئی ٹین میں 18 سکیورٹی ناکے لگائے گئے ہیں۔ میڈیا بریفنگ کے بعد پاک فوج، رینجرزاور پولیس کے دستوں نےآئی ایٹ تھری آئی ایٹ فور، آئی ایٹ مرکز،آئی ٹین ون ، آئی ٹین ٹو اورآئی ٹین مرکز میں فلیگ مارچ شروع کرکے علاقے کو سیل کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر 3ہزار شہریوں کے ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔ اب تک 80ہزار کے قریب ٹیسٹ کروائیں گئے ہیں۔عوام کے عدم تعاون پر دیگر علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن پر مجبور ہوں گے۔سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندے،پاک آرمی کے دستے، پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات رہیں گے۔ لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں اذان ہو گی اور عملہ باجماعت نماز ادا کر سکے گا۔اشیاء خوردونوش دکانیں،میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کھلی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے بعد جی ٹین اور جی سیون چیلنج ہے ان علاقوں میں زیادہ کیس آ رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جی نائن کو سیل کئے ہوئے چار دن ہوئے ہیں جہاں پر سو کیس روزانہ آ رہا تھے اب وہاں 8 سے 9 کیس روزانہ آ رہے ہیں۔ ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیر احمد شیخ نے کہا کہ مختلف جگہوں پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔
تازہ ترین