• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو بیکری شاپس، دو ہوٹلوں،دو جنرل اسٹورز اور ایک پکوان ہاؤس کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال اور حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت پر دو بیکری شاپس سمیت دو ہوٹلوں،دو جنرل اسٹورز اور ایک پکوان ھاؤس پر جرمانہ عائد کردیا، دوران چیکنگ متعدد کھانے پینے کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔،ڈپٹی ڈائریکٹر نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیم کی جانب سے جمعرات کے روز کوئٹہ شہر کے علاقے نواں کلی میں قائم ہوٹلز وفاسٹ فوڈ کارنرز،جنرل اسٹورز اور بیکرز کا معائنہ کیاگیا، مذکور کھانے پینے کے مراکز میں اشیائخوردونوش کی تیاری کے عمل،غذائی اجزاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہوٹلوں،پکوان ہاؤس اور بیکرز کے خلاف کچن ایریا میں گندگی،نامناسب اسٹوریج اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر کارروائی کی گئی جبکہ جنرل سٹورز کو زائد المعیاد مصالحہ جات و دیگر اشیاء کی موجودگی و فروخت پر جرمانہ کیا گیا، مزید برآں مذکورہ جنرل سٹورز سے زائد المیعاد کھانے پینے کی مختلف اشیاء، ممنوعہ و انسانی صحت کے لیے نقصان دہ چائنیز نمک (اجینو موٹو) اور پان پراگ گٹکا برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔ بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی حکام نے متعدد کھانے پینے کے مراکز کے مالکان وعملے کو حفظان صحت کے اصولوں اور اس حوالے سے بی ایف اے کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے اور ممنوعہ و مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت نہ کرنے کی سخت ہدایت کی۔ معیاری خوراک کی پروڈکشن اور صفائی کے مقررہ انتظامات کے حوالے سے انہیں تفصیلاً آگاہی فراہم کرتے ہوئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے۔
تازہ ترین