گھوٹکی میں رینجرز موبائل کے قریب دھماکے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے، واقعہ میں ایک شہری جاں بحق اور رینجرز اہلکار سمیت ایک شہری زخمی بھی ہوا ہے۔
ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ قادر کے مطابق رینجرز اہلکار گھوٹا مارکیٹ کے قریب گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔
دھماکے سے 2 رینجرز اہلکار ظہور اور فیاض شہید ہوگئے جبکہ ایک ریلوے کا سابق ملازم غلام مصطفی بھی جاں بحق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں رینجرز اہلکار امتیاز اور شہری شمن کھوسو زخمی بھی ہوئے جنہیں تحصیل اسپتال منتقل کر دیاگیا ہے جہاں ان کی حالت خطر ے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں رینجرزکی گاڑی کے دھماکے پر آئی جی پولیس کو فوری انکوائری کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو علاقہ سیل کرکے سرچ کرنے کی ہدایات کی ہے۔
ترجمان کے مطابق دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیراعلیٰ سندھ نے اظہار افسوس کیا ہے اور حکم دیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ دی جائے۔