راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے لاک ڈاؤن کے علاقوں میں مستعدی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک اور سی پی او محمد احسن یونس کی طرف سے ایک بریفنگ کے دوران کہی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پولیس کو جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے ۔سیاسی عدم مداخلت کی وجہ سے پولیس کا ادارہ مستحسن انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے سی پی او آفس راولپنڈی کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا بہتر حکمت عملی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے میں مدد مل رہی ہے۔