پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم آج 2020 میں بھی شہید بے نظیر بھٹو کو یاد کررہے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم رہیں، آج ان کی سالگرہ ہے۔
چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے شہید بے نظیر بھٹو کے یوم پیدائش پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے دیکھا دنیا کے جس ملک کی وزیراعظم کوئی خاتون ہیں، ان ممالک نے وباء کا بہتر مقابلہ کیا، دنیا کے وہ ممالک جہاں کی وزیراعظم کوئی خاتون ہیں، ان ملکوں نے عوامی صحت، معیشت کو زیادہ بہتر سنبھالا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں آج شہید بے نظیر بھٹو بہت زیادہ یاد آتی ہیں،جب ہم دن رات زندگیوں کا تحفظ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرزکو دیکھتے ہیں تو شہید بے نظیر بھٹو یاد آتی ہیں،جب ہم بے نظیر انکم سپورٹ کو دیکھتے ہیں تو ہمیں بی بی شہید یاد آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے 30سال تک جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، شہید بے نظیر بھٹو نے آمروں کے خلاف اور آئین کی بحالی کے لئے جدوجہد کی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تمام سیاسی قیادت سے مل کر 73 میں ملک کا پہلا آئین بنایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملکی آئین پاکستان دولخت ہونے کے بعد بنایا گیا، ملک دولخت ہونے کے بعد وطن عزیز کی تمام قیادت نے سوچا کہ ہم سے کیا غلطی ہوئی تھی، اپنی ماضی کی غلطیوں کو سامنے رکھ کر ملک کا پہلا دستور تشکیل دیا گیا۔
پی پی چیئرمین نے کہاکہ پاکستان کا آئین ملک کے تمام صوبوں کو وفاق سے جوڑتا ہے، ملکی آئین غریب عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین پاکستان کی حفاظت کے لئے شہید بے نظیر بھٹو نے جدوجہد کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئین پاکستان کی حفاظت کے لئے شہید بے نظیر بھٹو سکھر جیل میں رہیں، شہید بے نظیر بھٹو نے آئین کے تحفظ کے لئے بالآخر اپنی جان بھی دے دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کی یاد میں عوام کی صحت اور زندگی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان کی خواتین کو کہوں گا کہ آپ سب میں اتنی اہلیت ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو بن سکیں اور پاکستان کی ہر عورت میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ وزیراعظم بن کر اس ملک کو چلا بھی سکتی ہے۔