• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بار الیکشن، عمران خان کے پی میں پارٹی کی بڑی شکست سے لاعلم

اسلام آباد:(انصار عباسی)…پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ وکلاء پینل کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے حالیہ انتخابات میں بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس میں پارٹی کو صرف قومی سطح پر ہی نہیں بلکہ خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر شکست ہوئی۔ یہ وہ صوبہ ہے جسے عموماً پی ٹی آئی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پارٹی چیئرمین عمران خان کو تاحال اس شکست (خصوصاً کے پی کے میں شکست) کی شدت سے آگاہ نہیں کیا گیا، حالانکہ پی ٹی آئی کی صفِ اول کی کئی شخصیات وکلاء برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔ سینیٹر حامد خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ پینل صوبے کے کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے کامیابی حاصل نہ کر پایا۔ بتایا گیا ہے کہ اس ناکامی کی بڑی وجہ پارٹی کے اندرونی اختلافات ہیں۔ دی نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، پشاور میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ پینل کو 181؍ ووٹ ملے جبکہ آزاد گروپ کے امیدوار، جنہیں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی حمایت حاصل تھی، نے 186؍ ووٹ حاصل کیے۔ ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو صرف 19؍ ووٹ ملے جبکہ حکومت کے حامی پینل نے 55؍ ووٹ حاصل کیے۔ سوات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو 23؍ اور مخالف کو 27؍ ووٹ ملے جبکہ بنوں میں پی ٹی آئی امیدوار کو محض 5؍ ووٹ ملے، جبکہ آزاد گروپ کے امیدوار نے 25؍ ووٹ حاصل کیے۔ آزاد گروپ، جس کی قیادت وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سینئر وکیل احسن بھون کر رہے ہیں، نے گزشتہ ہفتے ہونے والے ایس سی بی اے انتخابات میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں ان کے امیدوار ہارون الرشید 400؍ سے زائد ووٹوں کے فرق سے صدر منتخب ہوئے۔ گروپ نے ایس سی بی اے کی ایگزیکٹو باڈی میں بھی زیادہ تر نشستیں حاصل کیں۔

اہم خبریں سے مزید