• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا بلال مقصود بھی کورونا کا شکار ہوگئے؟

اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

حال ہی میں بلال مقصود نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں سوال و جواب کا ایک سیشن کیا جس میں اُن کے مداحوں نے اُن سے دلچسپ سوالات کیے۔

سوال و جواب کے اس سیشن کے دوران بلال مقصود کے مداح نے اُن سے اُن کی صحت کے متعلق سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ’آپ اور انور انکل کیسے ہیں اور آپ کی پوری فیملی ٹھیک ہے؟‘

مداح کے اس سوال کے جواب میں بلال مقصود نے انکشاف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن ہم سب بالکل ٹھیک ہیں۔‘

بلال مقصود کی جانب سے اس سے پہلے اس طرح کا کوئی انکشاف نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی اُنہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنا کوئی پیغام جاری کیا ہے۔

دوسری جانب بلال مقصود نے گزشتہ روز فادرز ڈے کے موقع پر انسٹاگرام اپنے والد انور مقصود کے ہمراہ ایک یادگار تصویر پوسٹ کی اور اس کے ساتھ ہی اپنے والد کے لیے محبت بھرا پیغام بھی جاری کیا۔


بلال مقصود نے اپنے والد کو اپنا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے آپ جیسے باپ سے نواز۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’آپ نے میرے لیے اور ہم سب کے لیے بہت کچھ کیا ہے اس کے لیے میں آپ کاشُکر گزار ہوں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں روبینہ اشرف، ندا یاسر، یاسر نواز، واسع چوہدری، ابرارالحق، نوید رضا اور شفاعت علی شامل ہیں۔

ان فنکاروں میں سے ندا، یاسر نواز، نوید رضا اور واسع چوہدری کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئےہیں۔

تازہ ترین