کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں چمن سے دو صحافیوں عبدالمتین اچکزئی اور سعید علی اچکزئی کو ضلعی انتظامیہ نے دفتر بلا کر 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیا ،گرفتاری کے بعد چمن سے مچھ جیل منتقل کیا گیا لیکن مچ جیل منتقلی کے دوران دونوں صحافیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنا یا گیا جس کی وجہ سے دونوں صحافیوں کی حالت انتہائی غیر ہوگئی ہے ،بیان میں کہا گیا کہ جس طرح صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنا یا گیا ہے ایسا سلوک کسی عادی مجرم کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا ،دونوں صحافیوں پر غیر انسانی تشدد آئین کی خلاف ورزی ہے دنیا کا کوئی مہذب معاشرہ کسی صورت اسکی اجازت نہیں دیتا ،ہم نے بارہا کہا ہے کہ بلوچستان کے کسی صحافی کے خلاف کسی بھی ادارے کو کوئی بھی شکایت ہو تو بی یو جے کے زمہ داران کو آگاہ کرے بی یوجے از خود متعلقہ صحافی کے خلاف کارروائی کرے گا ،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے عدالت عالیہ ،وزیر اعلی بلوچستان ، وزیر داخلہ و دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں صحافیوں پر تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ دونوں صحافیوں کو انصاف فراہم اور صحافی برادری کی تشویش ختم کی جاسکے ،بصورت دیگر صحافی برادری اس بہیمانہ اقدام کے خلاف اور دونوں صحافیوں کو انصافی کی فراہمی کیلئے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔