کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ پٹرول کی قلت کے ذمہ دار عمران خان کے لگائے غیرمنتخب لوگ ہیں پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو جو کرپشن دس ہزار تھی آج تیس ہزار پر پہنچ چکی ہے، وزیراعظم عمران خان سے ملنا بہت مشکل کام ہے، عمران خان سمجھتے ہیں سیاسی لوگ ذاتی مفاد میں بات کرتے ہیں، جہانگیر ترین بھی بیوروکریسی کی سازش کی نذر ہوئے ہیں، ہر جگہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کی تذلیل ہورہی ہے، وفاقی وزیر ہمیں انسان ہی نہیں سمجھتے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما خواجہ شیراز محمود بھی شریک تھے جبکہ گلوکار فاخر محمود اور اداکار فیصل قریشی سے بھی گفتگو کی گئی۔خواجہ شیراز محمود نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی اسمبلی میں نہ آنے پر ہمیں شکوہ ہے، وزیراعظم پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوں توہمارا سینہ چوڑا ہوجائے گا، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کی موجودگی میں غیرمنتخب مشیر قومی اسمبلی کی کارروائی چلاتے ہیں،وزیراعظم مداخلت کریں گے تب ہی معاملات بہتر ہوں گے، پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں۔معروف گلوکار فاخر محمود نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں میرے کھانے کی عادت پر میرے بچوں نے مجھ پر ”ڈبل چن، ڈبل چن“ کے بول سے گانا بنادیا، ان کے کہنے پر میں نے اس میں کچھ اضافہ کر کے باقاعدہ گانا بنادیا، یہ صرف فن سونگ ہے اس کا پیغام یہی ہے کہ لاک ڈاؤن میں صرف کھائے پئیں نہیں اپنی فٹنس بھی دیکھیں، اس گانے کا فیڈ بیک بہت زبردست آیا ہے، ہر کسی کا کہنا ہے یہ اسی کی کہانی ہے۔اداکارو اینکر پرسن فیصل قریشی نے کہا کہ فاخر نے ڈبل چن گانا بھیجا تو میں نے دیکھا واقعی میری بھی ڈبل چن ہوگئی تھی، وزن کم کرنے کیلئے ڈائٹ کے ساتھ ایکسرسائز کرنی چاہئے، پچھلے چوبیس دنوں میں چھ کلو گرام وزن کم کیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ ملک میں پٹرول سستا ہونے کے باوجود لوگوں کو نہیں مل رہا، پٹرول کی قلت کے ذمہ دار عمران خان کے لگائے غیرمنتخب لوگ ہیں لیکن ان سے کوئی پوچھ نہیں رہا، سکھر تک موٹرو ے بن چکی ہے مگر کہیں پٹرول پمپ یا ریسٹورنٹ نہیں ہے، گندم کی فصل ابھی ختم ہوئی ہے کہ گندم کا ریٹ 1800ہوگیا ہے، عمران خان سے غلط بیانی کی جارہی اورا نہیں جھوٹ بتایا جارہا ہے، عمران خان کے اردگرد مشیروں کا کوئی انتخابی حلقہ نہیں ہے، جس دن حکومت گئی یہ اٹیچی کیس اٹھا کر باہرچلے جائیں گے، الیکشن میں لوگوں کا سامنا ہمیں کرنا ہے۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو جو کرپشن دس ہزار تھی آج تیس ہزار پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی بیوروکریسی اتنی مضبوط نہیں ہوئی جتنی آج ہے، عمران خان سے سیاسی لوگوں اور بیوروکریسی میں توازن پیدا کرنے کہا تھا، فواد چوہدری کی باتیں سوفیصد درست ہیں البتہ جہانگیرترین والی بات سے اختلاف ہے، جہانگیر ترین تین دفعہ کہہ چکے ہیں کہ اسد عمر کوہٹانے میں میرا کوئی کردار نہیں ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملنا بہت مشکل کام ہے، عمران خان سمجھتے ہیں سیاسی لوگ ذاتی مفاد میں بات کرتے ہیں، عمران خان کے اردگرد مفاد پرستو ں اورلٹیرو ں کا گروہ گھیرا ڈالے بیٹھا ہے، شوگر کمیشن رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ جہانگیر ترین نے کوئی گڑبڑ کی ہے، جہانگیر ترین بھی بیوروکریسی کی سازش کی نذر ہوئے ہیں، جہانگیر ترین عمران خان کا مخلص ساتھی تھا جسے قربانی کا بکرا بنایا گیا۔