اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے اُن کی صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گزشتہ دنوں بلال مقصود نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اب بلال مقصود کی جانب سے ایک اور پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں اُنہوں نے انکشاف کیا ہے کہ اب وہ آئسولیشن سے باہر آگئے ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بلال مقصود نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اُن کے ہاتھ میں چائے کا کپ ہے اور وہ مُسکرا رہے ہیں۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بلال مقصود نے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ ’میں بالکل ٹھیک ہوں اور آئسولیشن سے باہر آگیا ہوں۔‘
گلوکار نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے لیے آپ سب کی دُعاؤں کابہت بہت شکریہ۔‘
بلال مقصود کی پوسٹ کی پر اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران بلال مقصود کے مداح نے اُن سے اُن کی صحت کے متعلق سوال کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ آپ اور انور انکل کیسے ہیں اور آپ کی پوری فیملی ٹھیک ہے؟
مداح کے اس سوال کے جواب میں بلال مقصود نے انکشاف ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن وہ اور اُن کے اہلخانہ بالکل ٹھیک ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 92 ہزار 970 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 903 تک جا پہنچی ہے۔