• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول اور خواجہ آصف کا وزیراعظم کو کورونا اور اسامہ پر مناظرے کا چیلنج

بلاول اور خواجہ آصف کا وزیراعظم کو کورونا اور اسامہ پر مناظرے کا چیلنج


اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ‘این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری نے وزیر اعظم عمران خان کو کورونا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ آصف نے اسامہ بن لادن پر مناظرے کا چیلنج دیدیا‘بلاول بھٹونے کہاکہ وزیراعظم کی پہلے دن ، دوسرے دن ، دو ہفتے بعد اور تین ماہ بعد بھی کورونا سے متعلق کوئی پلاننگ نہیں ہے۔

ریاست پاکستان کارگل کا کردار دہرا رہی ہےجبکہ خواجہ آصف کا کہناتھاکہ اسامہ بن لادن دہشت گردی کو ہماری سرزمین پر لایا‘وزیر اعظم نے تقریر میں تاریخ پر جولیکچر دیااس کی تصحیح ضروری ہے،مغلیہ دور کی تاریخ انہوں نے غلط بیان کی‘ ہائوس کو ان پڑھ نہ سمجھیں‘بھاشن اپنی جماعت کو دیں ۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ وزیراعظم کی تقریر سے لگ رہا تھا بجٹ سمیٹنے کی نہیں حکومت سمیٹنے کی تقریر کر رہے ہیں ، عمران خان کی تقریر عوام نہیں سلیکٹر کیلئے تھی۔

وزیر اعظم کو چیلنج کرتا ہو ں پارلیمنٹ یا ٹی وی پر بحث کر لیں‘ ہمارا وزیر اعظم بزدل ہے ‘ ریاست پاکستان کارگل کا کردار دہرا رہی ہے ،کارگل میں ہمارے سپاہیوں کو کھانا مہیا نہیں تھا ،جتنے لوگ مریں گے اتنا معیشت کو نقصان ہوگا۔

وزیراعظم کہتے ہیں کہ ہم نے بڑا سوچ سمجھ کر لاک ڈائون کا سلسلہ شروع کیا تھا اور ہم نے کورونا کی وباء کا مقابلہ کیا،ہماری بہت تیاری ہے ‘اگر آپ تیار ہیں تو ڈاکٹرز اور نرسز کیوں رو رہے ہیں‘یہ سب کچھ وزیراعظم کی انا کی وجہ سے ہوا۔

ہمارے وزیراعظم کو لیکچر دینے کا شوق ہے مگر اس پر عمل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے‘ میں وزیراعظم کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ یا تو ادھر آکر ڈیبیٹ کرے، فیس ٹو فیس ڈیبیٹ کرے جہاں آپ اپوزیشن کے سوالوں کے جواب دو یا ٹی وی پر آکر جواب دو۔

تازہ ترین