• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکم کے باوجود طیارہ حادثہ رپورٹ جمع نہ کرانے پرسندھ ہائیکورٹ برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے پی آئی اے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرانے سے متعلق درخواست پر عدالتی حکم کے باوجود تحقیقاتی رپورٹ پیش نہ کرنے پر سول ایوی ایشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کو از سرنو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے سول ایوی ایشن حکام کو آئندہ سماعت پر پیش ہوکر جواب جمع نہ کرانے کی وجوہات دینے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں پی آئی اے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کوئی پیش ہوا اور نہ کوئی تحریری جواب جمع کرایا گیا۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ کیا جواد سروانہ تحقیقاتی رپورٹ بغل میں لے کر بیٹھے ہیں؟ جب عدالت کی طرف سے کہا گیا تھا طیارہ حادثے کی تحقیقات رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے تو کیوں نہیں کی گئی۔ دوران سماعت عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود تحقیقاتی رپورٹ پیش نہ کرنے پر سول ایوی ایشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کو از سرنو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے سول ایوی ایشن حکام کو آئندہ سماعت پر پیش ہوکر جواب جمع نہ کرانے کی وجوہات دینے کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین