• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاہ فام ہونے کے ناتے مجھ پر کافی ذمہ داریاں ہیں، زینڈیا

ہالی ووڈ اداکارہ و ماڈل زینڈیا جو اکثر معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بلند کرتی نظر آتی ہیں اس بار اُنہوں نے سیاہ فام ماڈل ہونا ایک بھاری ذمہ داری قرار دے دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ کی نامور شخصیات نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جن میں ریز ویدرسپون ، جینیفر اینسٹن، جینیلے مونی، ہیلینا بونہم کارٹر، روز بائرن اور زینڈیا بھی شامل تھیں۔

انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے زینڈیا نے کہا کہ ’ایک سیاہ فام ماڈل و اداکارہ ہونے کی حیثیت سے میرے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہیں لیکن میں اس کے لیے ان سب کی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے چُنا اور اب میں سیاہ فام لوگوں کے لیے کافی کچھ کرسکتی ہوں۔‘

زینڈیا نے کہا کہ ’خاص طور پر امریکا میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد سے میں اپنی ذمہ داری بخوبی محسوس کررہی ہوں اور میں چاہتی ہوں کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں کہ ہر مسئلے سے باخبر رہوں اور صحیح چیزوں سے آگاہ رہوں۔‘

ہالی ووڈ اداکارہ نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  ’ایچ بی او یورفیا کی کاسٹ میں شامل ہونے کے بعد میں کوئی غلطی نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میرے پاس غلطی کی کوئی گنجائش بھی نہیں تھی، میں صرف اپنے کام اور اپنے اقدام سے خود کو ثابت کرنا چاہتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ زینڈیا کی مشہور فلموں میں اسپائیڈر مین، دی گریٹیسٹ شو مین، زیپڈ جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے ایک امریکی سیاہ فام شہری کی ہلاکت ہوئی تھی جس کے بعد امریکا سمیت دُنیا بھر کے کئی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

تازہ ترین