• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطرہ ٹلا نہیں، احتیاط نہ کی تو حالات خراب ہونگے، اسد عمر


وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ پہلے ملک میں 30 جون تک کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک ہونے کا خدشہ تھا لیکن اب یہ تعداد سوا 2 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے، مگر خطرہ ابھی ٹلا نہیں، احتیاط نہ کی تو حالات خراب ہونگے ۔

وفاقی وزیر اسد عمرنے وزیر اطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ میڈیاسے بات چیت کی جس میں ان کا کہناتھا کہ اگرہم سب اپنا کردار ادا کریں تووبا ء کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے 14جون کو حقائق سامنے رکھے تھے اور اندازہ تھا کہ 30 جون تک کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، لیکن آج اجلاس میں ہم نے ماہرین کی رائے کا جائزہ لیا اور اب موقع کیسز کی تعداد کم ہوگئی ہے، جو 3 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ تھا وہ سوا 2 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن مئی کے وسط سے شروع ہوگیا تھا، 20 شہروں میں وباء کا پھیلاؤ زیادہ تھا،جب کیسزبڑھے تو لوگوں نے حفاظتی تدابیر شروع کر دی، اس دوران دوہفتے ایسے آئے جس میں بڑے شہروں کے بڑے اسپتالوں پر پریشر آیا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہماری حفاظت کے لیے مصروف عمل ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ماہرین کی رائے کا جائزہ لیا ہے، کورونا کا خطرہ ابھی ٹل نہیں گیا، احتیاطی تدابیرپرعمل نہ کیا گیا توحالات خراب ہوسکتے ہیں۔

ہماری جانب سے ایس او پیرپرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں،جہاں وباء کا زیادہ پھیلاؤ ہے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال ایسی نہیں کہ صحت کا نظام مفلوج ہوتا نظر آئے، کوشش کررہے ہیں کہ کاروبار زندگی بھی چلتا رہے گا، غریب لوگ بھی متاثر نہ ہوں اور ہم عوام کی صحت کی حفاظت بھی کریں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے دو ہفتے میں حالات میں بہتری آئی ہے اور مزید آئے گی، تاہم خطرہ ابھی ٹل نہیں گیا ہے۔

تازہ ترین