لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) نے ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میرشکیل الرحمٰن، قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو رہا کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔رکن اسمبلی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن گزشتہ106دنوں سے پابند سلاسل ہیں، نام نہاد جمہوری حکومت نے آمریت کا لبادہ اوڑ رکھا ہے،موجودہ حکومت جمہوریت اور آزادی اظہاررائے پر قدغن لگارہی ہے،میر شکیل الرحمٰن کو 36سال پرانے اور بے بنیاد کیس میں گرفتار کیا گیا، نیب عمران خان حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے،نیب کے جعلی اور ظالمانہ احتساب سے سینئرسیاستدان، بزنس مین ،صحافی اور بیوروکریسی بھی محفوظ نہیں رہی،نیب حکومت کے مخالفین کو دبائومیں لانے کیلئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بناتا ہے،حکومتی مخالفین کو انکوائری کی سٹیج پر ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے جبکہ وزیراعظم سمیت حکومتی وزراء کے درجنوں ریفرنس دائر کرنے تک پہنچ چکے ہیں لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔