• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیابی کا کوئی حقیقی راز نہیں ہے۔ تاہم ، کچھ ایسی چیزیں ہیں جو کالج کے کامیاب طلبا ضرور کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ، ان کا صبح کا معمول دیگر لوگوںسے مختلف ہوتا ہے۔ اگر آپ ابھی بھی صبح کی سرگرمیوں کے حوالے سے جدو جہد کر رہے ہیں تو آپ کوکچھ عادات ضرور اپنانی چاہیں ، یقین جانیے یہ عادات کچھ خاص مشکل بھی نہیں ہیں۔

دن کا آغاز جلد کریں

کالج کے کامیاب طلبا آپ کو پہلامشورہ یہیں دیں گے کہ علی الصبح جاگیں۔ صبح سویرے جلدی اٹھنا کسی کو بھی پسند نہیں آتا، تا وقتیکہ آپ کو اس کی عادت نہ ہوجائے۔ دن کا ابتدائی وقت ہمیشہ سب سے زیادہ نتیجہ خیز ہوتاہے اور اگر آپ کالج میں کچھ نمایاں کرنا چاہتے ہیں تو ٹائم مینجمنٹ میں صبح جلد اٹھنے کی عادت ڈالنی ہوگی یا کسی نہ کسی طرح اس کا انتظام کرنا ہوگا۔ زیادہ تر طلبا دوپہر تک بستر پر ہی پڑے رہتے ہیں اور اپنا دن ادھر ادھر گزاکر ضائع کردیتے ہیں۔ لازمی امر ہے کہ اگر آپ زیادہ سوتے ہیں تو صبح آپ کہیں بھی جائیں گے تو ہمیشہ دیر ہی سے پہنچیں گے۔ 

اسی لیے صبح سویرے جاگناہ آپ کی سب سے اچھی عادات میں سے ایک ہوتا ہے۔ آپ ناشتہ ، ورزش اور کلاس کیلئے تیار ہوسکتے ہیں جبکہ آنے والے امتحان کے لئے بھی ایک یا دو چیزیں بھی پڑھ سکتے ہیں۔ صبح وقت پر اٹھنا طالب علم کووقت کا پابند بناتاہے، اس کے سونے جاگنے کے اوقات مقرر ہوجاتے ہیں، وہ اپنی تعطیلات کو بھی معنی خیز بناتاہے اور دستیاب وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پورے سال کے بنائے ہوئے شیڈول پر قائم رہتا ہے۔ اس کے علاوہ صبح کا روشن وقت اور تازہ ہوا اس کے دماغ کو تازہ دم کردیتی ہے اور وہ اپنےد ن کو بھرپور بنانے کیلئے تیار ہوجاتاہے۔

پانی کی کمی پوری کرنا

صبح سویرے جب آپ بیدار ہوں تو سب سے پہلے آپ کوپانی پیناچاہئے۔ اگر آپ ہائیڈریٹ ہیں تو دن بھر آسانی سے گزارنے کے قابل ہوسکتے ہیں۔ دن کی شروعات کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ یا تو دو گلاس پانی پئیں یا ایک گلاس گرم پانی میں لیموںملا کر نوش فرمالیں ۔ صبح پانی پینے کا مطلب یہ نہیں کہ باقی دن نہیں پینا۔

آپ کو چوبیس گھنٹوں کے دوران خود کو ہائیڈریٹ رکھنا چاہئے۔ یاد دہانی کیلئے بہت ساری موبائل ایپس موجود ہیں جو آپ کو روزانہ پانی کی درکار مقدار پینے میں مدد کرسکتی ہیں۔ اگربستر کے ساتھ والی میز پر پانی کی بوتل رکھی ہو تو یہ بہت بہتر ہوگا۔ بہت سارے طلبا کو یہ احساس ہی نہیں ہے کہ پانی پینا کتنا اہم ہے اور وہ صرف اُس وقت ہی پانی پیتے ہیں جب انھیں پیاس لگتی ہے، یہ ا ن کیلئے نقصان دہ ہے۔

بستر ٹھیک کرنا

یہ ایک ایسی چیزہے جو شاید آپ کو زائد لگے لیکن یہ آپ کے صبح کے معمول کا ایک اہم حصہ بن سکتا ہے۔ بستر ٹھیک کرنے کا دھیان آپ کو جلدی سے اٹھنے میں مدد دے گا۔ دوسری بات یہ کہ اس سے آپ کا کمرہ زیادہ عمدہ اور صاف ستھرا نظر آئے گا۔ کوئی بھی بےترتیب جگہ میں رہنا پسند نہیں کرتا اور اس کا اثر آپ کی صلاحیتوں میں اضافے کی صورت میں بھی سامنے آتا ہے۔ 

تصور کریں کہ کالج میں ایک لمبے دن کے بعد تھک تھکا کرگھر واپس آ نے کے بعدجب آپ کو اپنا بستر بالکل ٹھیک ٹھاک ملے گاتو آپ کو اسے درست کرنے کی محنت نہیں کرنا پڑے گی اور وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ آپ کو مطالعہ کے لیے بھی ایک اچھا ماحول میسر آئے گا جو آپ کی توجہ مرکوز کرنے میں معاون ہوگا۔

دن بھر کی منصوبہ بندی

آپ یہ عمل رات سونے سے پہلے یا صبح اٹھنے کے بعد کر سکتے ہیں۔ دن بھر کی مصرفیات ایک کاغذ یا اپنے فون میں لکھ لیں۔ اس سے آپ کو ہر چیز یاد رکھنے میں مدد ملے گی اور اس پر عمل کرنے کا شیڈول آپ کے ہاتھ میں ہوگا۔ کالج کے طلبا اکثر اس قدر مصروف رہتے ہیں کہ وہ اپنے کاموں کو بھول جاتے ہیں۔ 

کاغذ پر سب کچھ لکھنے سے آپ جان لیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔ بہت سی آرگنائزر ایپس ہیں جو آپ فون پر بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ منصوبہ بندی کی یہ عادت آپ کی پیداواری صلاحیت کو بھی اچھے طریقے سے بہتر کرسکتی ہے۔ دراصل کامیاب طلبا انتہائی منظم ہوتے ہیں اوریہ عادت کامیابی میں کلید ی کردار ادا کرتی ہے۔

بھرپور اور معیاری ناشتہ

ایک اچھا ذہن ایک تندرست جسم میں ہوتاہے اور جسم کو تندرستی صبح کے بھرپور اورمعیاری ناشتے سے ملتی ہے۔ لہٰذا اگر آپ دن بھر ایک اچھا معمول چاہتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا ناشتہ معیار ی ہو۔ یہ دن کا سب سے اہم کھانا بھی ہے، اس لیے آپ کو اس سے محروم نہیں ہونا چاہئے۔ ناشتہ نہ کرنا آپ کو وزن کم کرنے میں مدد نہیں دے گا۔ 

دن بھر کی توانائی کیلئے آپ کو ایک متوازن ناشتہ کرنا چاہئے، تاہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ پروٹین سے بھرپور ہو۔ جب آپ ناشتہ کر رہے ہوں تو ریڈیو یا ٹی وی چلا کر حالات حاضرہ سے باخبر رہیے، یہ دن شروع کرنے کاعمدہ طریقہ ہے۔

تازہ ترین