• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ IMF کی مشاورت سے ہوا، رضا ربانی


سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رضا ربانی نے کہا کہ قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ اوگرا کے بجائے وزارت خزانہ نے کیا۔

ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ آئی ایم ایف کی مشاورت سے کیا، حالیہ اضافہ قابل مذمت ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 27 سے 66 فیصد اضافہ ہوا، قیمتوں میں اضافے کا یکم جولائی سے پہلے اعلان کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمت بھی بین الاقوامی مالیاتی سامراج آئی ایم ایف کنٹرول کر رہا ہے، بین الاقوامی تیل کمپنیوں کا گٹھ جوڑ بطور مافیا کام کر رہا تھا۔

رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ تیل کمپنیوں کے مافیا نے دباؤ سے حکومت کو جھک جانے پر مجبور کیا۔ مافیا نے سول بیوروکریسی کے ساتھ مل کر تیل کی مصنوعی قلت پیدا کی۔

پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ آج بھی تیل کمپنیوں کے پاس ان کے لائسنس کے مطابق تیل کے ذخائر موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس گٹھ جوڑ کو روکنے اور قانون کا نفاذ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

تازہ ترین