آپ آف لائن ہیں
بدھ16؍ربیع الثانی 1442ھ2؍دسمبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

اپوزیشن کی گفتگو سے لگا وہ سنجیدہ نہیں، شبلی فراز


وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی گفتگو سے لگتا ہے وہ سنجیدہ نہیں ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے شبلی فراز نےکہا کہ اپوزیشن ساری ذمے داری حکومت پر ڈال کر خود تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آج کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہےکہ وہ سنجیدہ نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ میں نواز ، شہباز ، مریم نواز اور شاہد خاقان گروپ ہمیں طعنہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آج جو حالات ہیں ان کی ذمے دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے، اپوزیشن ملک و قوم کے ساتھ سنجیدہ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اربوں کی جائیدادیں بنانے والے غریبوں کا رونا رو رہے ہیں، انہیں غریب عوام سے کوئی ہمدردی اور دلچسپی نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ دونوں سیاسی جماعتیں ایسے لیڈر کو ابھرتے نہیں دیکھ سکتیں جس کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ان مشکلات میں بجٹ نہ ماننے اور الیکشن کی بات کرنے سے لگتا ہے یہ مخلص نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے اپنے اپنے دور اقتدار میں ملک کو لوٹا اور چلے گئے، دونوں پارٹیاں اس لیے لاک ڈاؤن چاہتی ہیں تاکہ غریب اور مشکلات کا شکار ہو۔

عمران خان کی ثابت قدمی نے ملک و قوم کے عالمی تشخص کو بحال کیا، وزیراعظم اپنے نظریے کے مطابق ملک کو ترقی کی جانب گامزن رکھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید