• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم گھر جائیں، کسی قابل بندے کو آنے دیں، بلاول

وزیر اعظم گھر جائیں، کسی قابل بندے کو آنے دیں، بلاول


بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان غلطی کا اعتراف کریں یا استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، کسی قابل بندے کو آنے دیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سارے پاکستان کو نظر آرہا ہے کہ وزیراعظم کیلئے 2 آپشنز ہیں، وہ معافی مانگیں ، انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم معیشت کو تباہ کرنے کا اعتراف کریں، وہ سب کو ساتھ لے کر اور ملک کی بہتری کیلئے کام کریں، دوسرا آپشن یہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، کسی قابل بندے کو آنے دیں۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں کا فائدہ آئل کمپنیوں کو پہنچایا گیا ہے، یہ جماعت پاکستان پر اتنا ظلم کرکے بھی کیسے اپنے آپ کو تحریک انصاف کہتی ہے، انہوں نے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ کیسے عوام کو جواب دیں گے کس منہ سے ان کے پاس جائیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم صاحب،آپ بس نوٹس ہی لینا بند کردیں، ادویات پر نوٹس لیا تو وہ مہنگی ہوگئیں، آٹا، چینی پر نوٹس لیا تو وہ مہنگے ہوگئے، بہتر ہوگا ہمارا وزیراعظم اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھیں، وزیراعظم کوئی پریس کانفرنس نہ کرے، کوئی نوٹس نہ لے، ذمہ داروں کو اپنا کام کرنے دے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پائلٹس اور سول ایوی ایشن کی عالمی سطح پر کردار کشی کی گئی، حکومت سمجھتی ہے کہ جس کو بھی نوکری ملتی ہے وہ سیاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بے روزگار کرنا کس قسم کا ریلیف ہے، تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہی ہوتا ہے، حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے،یہ نالائق اور نااہل ہیں کام نہیں کر سکتے۔

اسمبلی میں بلاول بھٹو نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پرحملے کی مذمت بھی کی۔

تازہ ترین