• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے متاثر کسی رکن اسمبلی کو اجلاس میں آنے کا نہیں کہا، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا کہ یقین دلاتا ہوں کورونا سے متاثر کسی رکن اسمبلی کو آج اجلاس میں آنے کا نہیں کہا ہے ،ہم ایسے غیر ذمہ دار نہیں اورنہ ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں نوید قمر نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گیلریز کو بھی ایوان کا حصہ بنانے سے زیادہ لوگ اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔

انہوں نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ نے کہا تھا کہ ہم گیلریز کو بھی ایوان کا حصہ بنائیں گے، تاہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تجویز کی مخالفت کر دی اور کہا کہ اب اجلاس شروع ہو چکا ہے اگر کوئی حساس ممبر ہے تو وہ گیلری میں بیٹھ جائے۔

اس موقع پرمسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے ایوان میں کہا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ حکومت کورونا پازیٹو ممبرز کو ایوان میں لائی ہے، امید کرتا ہوں کہ آج یہاں کوئی کورونا کا مریض نہیں ہو گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت نےبجٹ پاس کرانے کے لیے ایسی حرکت کی ہے تو ایوان، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی توہین ہوئی ہے، اسپیکر صرف یقین دہانی کرا دیں کہ کوئی ایسا کام نہیں ہوا ہے۔

اس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کورونا سے متاثر کسی رکن اسمبلی کو اجلاس میں آنے کا نہیں کہا،ہم ایسے غیر ذمہ دار نہیں اورنہ ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فنانس بل ہر سال ایوان میں پیش ہوتا ہے،ہم قوانین پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کامزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی اچھے ماحول میں آگے بڑھائی گئی، سب کو برابر موقع دیا گیا ہے، کورونا ممبرز کو لانے کی بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین