• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس نے کالپھم کامن اور ٹوٹنگ میں دو غیرقانونی اسٹریٹ پارٹیاں ختم کرادیں

لندن (پی اے) پولیس نے ہفتہ کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے کالپھم کامن اور ٹوٹنگ بیک کامن میں دو غیرقانونی اسٹریٹ پارٹیاں ختم کرا دیں اور پارٹیوں کیلئے جمع ہونے والے لوگوں کو منتشر کردیا، ان زونز میں یونیفارم میں افسران کو لوگوں کو علاقے سے نکل جانے اور دوبارہ نہ آنے کا حکم دینے کے اضافی اختیار دیئے گئے ہیں۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس یا بغیر اجازت موسیقی کی تقریبات کا انعقاد غیر قانونی ہے اور افسران انھیں بند کرا دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پارٹیوں کے انعقاد کے تسلسل کے پیش نظر اب پولیس کمیونٹیز کے ساتھ تعلقات استوار کررہی ہے۔ جمعہ کو نیوہیم اور کینسل ٹائون میں بلا لائسنس تقریبات ہوئیں، جنھیں بعد میں مائدہ ویلے میں منتقل کردیا گیا۔ بدھ کو برکسٹن میں ایک غیرقانونی اسٹریٹ پارٹی میں جھڑپوں کے دوران 20 سے زیادہ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ جمعرات کو نوٹنگ ہل میں ایک پارٹی کو منتشر کرنے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں پر مختلف اشیا پھینکی گئیں۔ تازہ ترین واقعہ کالپھم کامن اور ٹوٹنگ بیک کامن میں پیش آیا، جہاں پولیس غیر قانونی تقریب کے دوران موقع پر پہنچی اور لوگوں کے وہاں سے چلے جانے تک وہاں موجود رہی۔میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس طرح کے واقعات کے اثرات کمیونٹیز پر مرتب ہوتے ہیں، افسران دونوں مقامات پر تقریبات ختم کئے جانے تک موجود رہے۔ انھوں نے کہا کہ موسیقی کی غیر قانونی تقریبات غیرمنظم اجتماعات ہیں، جن کے شرکا پر پارکوں میں سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے والے لوگوں پر مختلف قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر باس جاوید کا کہنا ہے کہ آج رات لندن میں پولیس کی وافر نفری موجود ہوگی کیونکہ گزشتہ پورے ہفتے لندن میں بلا لائسنس موسیقی کی تقریبات منعقد کی جاتی رہی ہیں۔ جن میں بعض افراتفری کے عالم میں ختم ہوئیں۔ یہ ایونٹس غیر قانونی ہیں اور ہم ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

تازہ ترین