• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ریڈنگ حملے کے بعد مزید حملوں کی وارننگ جاری

لندن(ودود مشتاق)برطانیہ میں ریڈنگ حملے کے بعد اسی طرز کے مزید حملوں کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ حکومت نے اسکولوں، سرکاری غیر سرکاری دفاتر، ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر سخت چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چاقو زنی کے ذریعے قتل اور اقدامِ قتل کے حالیہ واقعات کے بعد ہوم آفس نے نظرثانی شدہ ہدایت نامہ جاری کیا ہے جسں کے ذریعےمتعلقہ اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقعے سے نمٹنے کےلئے اپنے آپ کو تیار رکھیں اور اس مقصد کےلئے اپنے سیکورٹی آلات اور کیمروں کا دوبارہ جائزہ لیں،حملوں سے نمٹنے کےلئے اپنے اسٹاف کی تربیت کو یقینی بنائیں اور ایک مستقل بریفنگ کا انتظام کریں۔ ہوم آفس نے مزید ہدایت کی ہے کہ انتہا پسند کورونا وائرس اور لاک ڈائون کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس لئے سینما، شاپنگ سینٹرز، اسٹیڈیم، ٹرانسپورٹ مراکز، تفریح گاہوں اور دیگر مقامات پر اپنے آپ کو الرٹ رکھیں۔ اس لئے کہ حملہ آور چند لمحوں میں جانی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے قاتلانہ حملوں اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کےلئے انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ ضروری ہے اس لئے حکومت مزید اقدامات بھی کرنے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں اس وقت 40 ہزار ایسے لوگ موجود ہیں جو یا تو خود انتہا پسند ہیں یا ایسی سوچ کے حمایتی ہیں جب کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت رہا ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار ہے جن پر کڑی نظر رکھنے کےلئے 36 ہزار افسران ہمہ وقت تعینات ہیں۔


ٔ

تازہ ترین