• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: وزیراعظم جانسن کا معیشت کی بحالی کیلئے 5 بلین پونڈ کا اعلان

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں لاک ڈائون کے ایک سو دن مکمل ہونے اور انفیکشن کے پھیلائو میں نمایاں کمی کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے معیشت پر وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے5بلین پائونڈ کے انفراسٹرکچر پراجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈڈلی میں گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ کورونا کے بحران کے ذریعے ملک کو درپیش بڑے حل طلب چیلنجز سے نمٹا جائے گا جبکہ لیبر پارٹی اور سی بی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کی نوکریاں بچانے کے لیے زیادہ توجہ نہیں دے رہی۔ بورس جانسن نے مزید کہا کہ5بلین پائونڈ کی نئی ڈیل سے نئے گھر اور انفراسٹرکچرز کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اس بحران کے قیدی‘‘ بن کر نہیں رہ سکتے، ہمیں محتاط انداز میں آگے بڑھنا ہوگا، ملک کو آنے والے وقت کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے، ہمیں اس ’’لمحہ‘‘ کو اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ وہ ملک کے تمام حصوں کو جنہیں نظر انداز کیا گیا اور جو پیچھے رہ گئے، انہیں بھی مساوی سطح پر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفر اسٹرکچر پراجیکٹس میں تیزی لائی جائے گی۔ نئے اکیڈمی اسکول، گرین بسوں اور نئے براڈ بینڈ کی تنصیب کے لیے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو تیز تر کرنے کے لیے نئے قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔ تجاویز کے مطابق ستمبر سے خالی دکانوں کو پلاننگ ایپلی کیشن کے بغیر گھر میں تبدیل کیا جاسکے گا۔ گھر کے مالکان، اجازت کے تیز رفتار نظام کے تحت پڑوسیوں سے مشاورت کے بعد ایکٹینشن کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی نہیں اپنائے گی اور چانسلر رشی سونک آئندہ ہفتہ معیشت کی بحالی کے حوالے سے مزید اقدامات کا اعلان کریں گے۔ بورس جانسن نے کہا کہ نئی ڈیل کے تحت نئے مکانات کی تعمیر کے علاوہ این ایچ ایس کو ٹھیک کیا جائے گا۔ ہنرمندی کے بحران کے خاتمے کے لیے مساوی مواقعوں کے حصول میں فرق کو ختم کیا جائے گا۔ 1.5بلین پائونڈ، ہسپتالوں کی مرمت، اے اینڈ ای کی حالت بہتر بنانے اور مینٹل ہیلتھ پر خرچ کیے جائیں گے۔ 100ملین پائونڈ، 29روڈ نیٹ ورکس کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ 900ملین پائونڈ رواں اور آئندہ برس انگلیند کے مقامی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ ایک بلین پائونڈ سے زائد کی رقم اسکول پلاننگ پراجیکٹس کے لیے مختص کی گئی ہے۔ 83ملین پائونڈ سے پرزن سروس اینڈ یوتھ آفنڈرز سینٹر کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔ مختلف علاقوں میں پارکس، ہائی اسٹریٹ اور ٹرانسپورٹ پر50لاکھ پائونڈ سے ایک ملین پائونڈ تک کی رقم خرچ کی جائے گی۔ اپوزیشن لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم اسے نئی ڈیل کہہ رہے ہیں لیکن اس میں کوئی خاص نئی بات نہیں ہے، ہمیں معاشی بحران کا سامنا ہے اور بحالی کا منصوبہ بھی اس کے مطابق ہونا چاہیے جبکہ جس منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے وہ فی شخص ایک سو پائونڈ سے بھی کم کے مساوی ہے اور اس میں کمی گئی بیشتر باتیں پہلے ہی پارٹی کے انتخابی منشور میں کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے پروگرام کے حوالے سے بحث نہیں کی جاسکتی لیکن حکومت کی توجہ لوگوں کی نوکریاں بچانے پر ہونی چاہیے۔ کنفیڈریشن آف برٹش انڈسٹری نے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے لیکن اسے اسامیوں کے تحفظ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔

تازہ ترین