برسلز/اسلام آباد (انیب راشد/نمائندہ جنگ) یورپین یونین کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان ایئر لائن کا یورپی ممالک کیلئے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کردیا ہے جس کے بعد پی آئی اے نے یورپ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 رات 12 بجے یو ٹی سی ٹائم کے مطابق ہوگا، پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ ہو گئی ہیں، پی آئی اے کی بکنگ رکھنے والے مسافر اسے مؤخر کرواسکتے ہیں یا چاہیں تو ریفنڈ حاصل کرلیں،ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور انکے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، امید کرتے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے نتیجے میں یہ معطلی جلد ختم ہوجائے گی۔ برسلز سے نمائندے کے مطابق ساری دنیا کی طرح یورپ نے بھی وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے پاکستان کی قومی اسمبلی میں دئیے گئے بیان کو انتہائی سنجیدگی سے لیا تھا، جس میں انہوں نے پاکستان کے بہت سے پائیلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی ڈگریاں جعلی ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2007 میں بھی یورپ نے سیفٹی کی بنیاد پر ہی پی آئی اے پر پابندی عائد کی تھی۔