• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنتھیا کیخلاف کارروائی، وزارتِ داخلہ سے جواب طلب


اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے ٹویٹس کے معاملے میں ویزا قواعد کی خلاف ورزی پر سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ سے جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ سے 3 جولائی تک جواب طلب کیا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے متفرق درخواست کو سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی مرکزی درخواست کے ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) راول پنڈی کے رہنما چوہدری افتخار نے تنویر اختر ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

چوہدری افتخار نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سنتھیا رچی سے متعلق کیس میں مزید حقائق علم میں آئے ہیں جنہیں عدالتی ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ غیر ملکیوں کو پاکستان میں داخلے کے لیے ویزا جاری کرنے کے قوانین نہایت واضح ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ویزے پر پاکستان میں داخل ہونے والوں کو اپنی رہائش، قیام اور کام کی تفصیلات بتانا ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزٹ، اسٹڈی، ڈپلومیٹک، آفیشل، ملٹری اور ٹرانزٹ ویزا لینے والوں کو یہ معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔

پی پی رہنما چوہدری افتخار نے استدعا کی ہے کہ ویزے میں بتائی گئی جگہ کے علاوہ قیام کرنا یا رہائش اختیار کرنا ویزا شرائط کی خلاف ورزی ہے، ویزا قواعد کی خلاف ورزی پر سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

تازہ ترین