اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) معروف آن لائن گیم پب جی کھیلنے سے روکنے پر بچوں کی خودکشیاں بڑھنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ’پب جی‘ گیم پرعارضی طور پر بند کردیا ۔ لاہور میں بدھ کے روز ایک اور نوجوان نے پب جی نہ کھیلنے پر خودکشی کرلی جبکہ ایک اور ہلاکت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کردی گئی ہے۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے معاشرے کے مختلف طبقات کی طرف سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔