• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے روکے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا بشیر احمد خان کے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ بشیر احمد خان کے خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول یکم جولائی بدھ کے روز اپنے تین سالہ نواسے کے ہمراہ اپنا چیک کیش کروانے کے لیے بینک گئے تھے، جہاں راستے میں ان کو گاڑی سے زبردستی باہر نکال کر قتل کردیا گیا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے بیان میں اس بھیانک قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی دہشت گردی کا بدترین فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہیں اور انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانیت سوز جرائم کی تحقیقات اقوام متحدہ کی زیرنگرانی کروائے۔

انہوں نے معروف کشمیری رہنما خرم پرویز کی تنظیم جموں و کشمیر اتحاد برائے سول سوسائٹی کی ششماہی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے مختلف واقعات میں   229 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو سات دہائیوں سے قربانی دے رہے ہیں اور شہدائے کشمیر کے حوالے سے خاص طور پر کہا کہ کشمیر کے شہداء عظیم مرتبے پر فائز ہیں جنہوں نے مادر وطن کی آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور عالمی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کی لہر کو روکیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور برطانیہ اور عالمی اداروں بشمول سلامتی کونسل، ای یو اور او آئی سی کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی کشمیر میں ظلم و ستم رکوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو زمینی حقائق معلوم کرنے اور مظالم کی روک تھام کے لیے فوراً اپنے وفود مقبوضہ کشمیر روانہ کرنا چاہیے۔

تازہ ترین