مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کے مسائل کی جڑ ہیں۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ملکی مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے، لیکن عمران خان قومی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مائنس ون کی بات وزیر اعظم کو پتہ ہو گی کہ کہاں سے ہو رہی ہے، مائنس ون پر اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر بات کریں گے تاہم (ن) لیگ کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی بات پیپلزپارٹی کی جانب سے آئی ہے، اے پی سی میں اس پر بات کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے 6 ارکان وہی ہیں جو سال پہلے بھی گئے تھے۔ اگر یہی ان کی کارکردگی ہے تو جلد 60 سے 70 لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری طرف آ جائیں گے۔