• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر آئی یو جے کی فیصل واوڈا کے بیان کی سخت مذمت

راول پنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی سینئر صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنے اوپرلگنے والے الزامات کاجواب دینے اور صحافیوں سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آر آئی یو جے نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے جنگ گُروپ کے انگریزی روزنامے دی نیوز کے رپورٹرز فخر درانی اور عمر چیمہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے اور دھمکی آمیز رویے کی سخت مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آر آئی یوجے کے اجلاس میں صدر عامر سجاد سید، جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی، تنظیم کے دیگر عہدیداروں و ارکان نے تحریک انصاف کے رہنما اور فیصل واوڈا کی جانب سے دی نیوز کے صحافیوں فخر درانی اور عمر چیمہ سمیت ڈان نیوز کے سنیئر صحافیوں و اینکرز مبشر زیدی، ضرار کھوڑو اور وسعت اللہ خان کے خلاف سوشل میڈیا پر نامناسب زبان استعمال کرکے نشانہ بنانے کا سخت نوٹس لیا اور قرار دیا کہ تحقیقاتی رپورٹس پر فیصل واوڈا کا جواب دینے کی بجائے سینئر صحافیوں کے خلاف بدزبانی اور ادارے کے پابند سلاسل ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان پر بے بنیاد الزامات سے کردار کشی کی کوشش قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔

آر آئی یو جے نے وزیراعظم عمران خان سے کابینہ کے رکن فیصل واوڈا کی اخلاق باختہ حرکت کا نوٹس لے کر جواب طلبی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھی صحافیوں کے پیشہ وارانہ امور اور تحفظ کےحوالے سے ہردم ان کے ساتھ کھڑی ہے، اگر فیصل واوڈا نے اپنی بداخلاقی، بدتمیزی اور اوچھی حرکت پر غیرمشروط معافی نہ مانگی پوری صحافتی برادری کو کال دے کر ان کے خلاف سخت احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائےگا۔

تازہ ترین