• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، امتیاز احمد

پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور مسلۂ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھانے کی پالیسی جاری رکھے گا۔

یہ بات جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے کشمیر یکجہتی فورم کے صدر بیرسٹر شاہد مجید اور معروف سماجی شخصیت صحیم عباسی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سفیر پاکستان نے گزشتہ روز معصوم بچے کے سامنے اس کے بزرگ نانا کو بھارتی فوج کی جانب سے بہیمانہ انداز میں قتل  کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی بھارتی افواج کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کی ہے۔

اس موقع پر شاہد مجید اور جاپان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت  صحیم عباسی نے بھارتی فوج کے ہاتھوں تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کرنے کی شدید مذمت کی۔ کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے سربراہ شاہد مجید ایڈوکیٹ نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی برادری سے باقاعدہ احتجاج کی اپیل کی ہے اور کہا کہ دنیا بھر میں اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ناجائز ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتی، انہوں نے انسانی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ اس کا نوٹس لیں۔

دریں اثنا شاہد مجید ایڈوکیٹ اور صحیم عباسی نے سفیر پاکستان امتیاز احمد سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان ٹوکیو کے پریس اتاشی اشفاق خلیل  بھی موجود تھے۔

تازہ ترین