جنگ، جیو نیوز کے ایڈیٹرانچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، چمن میں جنگ جیو سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی۔
چمن
چمن میں جمعیت علماء اسلام ف، پشتونخوا میپ اور تاجروں کے احتجاجی جلسے میں جنگ جیو گروپ کیساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں ملازمین اور صحافیوں نے شرکت کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو حکومت اور نیب کی جانب سے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پشاور
پشاور میں جنگ اور جیو کے دفاتر کے باہر مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں اے این پی کے رہنما فرید طوفان، صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے شرکت کی۔
اے این پی کے رہنما فرید طوفان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کا خیال تھا کہ جنگ گروپ کو دباؤ میں لاکر ڈرا دیں گے لیکن میر شکیل الرحمٰن نے حکومتی ظلم کے خلاف آواز بلند کرکے تاریخ رقم کی ہے۔
بہاول پور
بہاول پور میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف صحافیوں کا 112 ویں روز بھی احتجاج اور پریس کلب پر علامتی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے، صحافیوں نے احتجاجی ریلی بھی نکالی۔
نواب شاہ
نواب شاہ میں میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف تاجروں اور سول سوسائٹی نے کپڑا مارکیٹ میں احتجاج کیا۔