پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے وائی ڈی اے آزاد کشمیر کے گرفتار ڈاکٹروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بلاول بھٹوزرداری کی سربراہی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان کا وڈیو لنک اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ حفاظتی کٹس اور حقوق مانگنے پر ڈاکٹروں کو گرفتار کرنا شرم ناک ہے۔
ینگ ڈاکٹرز نے اجلاس کے دوران مطالبہ کیا کہ پورے پاکستان کے ڈاکٹرز کو سندھ کی طرز کا رسک الاؤنس دیا جائے، ینگ ڈاکٹرز نے رسک الاؤنس دینے پر سندھ حکومت سے اظہار تشکر بھی کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ جلد ڈاکٹروں کی سیکیورٹی کےلئے بھی قانون سازی کرے گا۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بجائے انہیں گرفتار کیا گیا۔ طبی آلات مانگنے پر ڈاکٹروں سے مجرموں کی طرح کا سلوک کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن کےسپاہی ہیں۔ وباکے دنوں میں ہمارے ڈاکٹرز ہماری زندگیوں کے تحفظ کی جدوجہد کررہے ہیں۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اعلان کے باوجود ایک بار بھی ڈاکٹرز سےمشاورت نہیں کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ طبی عملہ تیزی سے کورونا کا شکار ہورہا ہے، لیکن حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔