• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ کٹھ پتلی حکومت جنرل ضیاء کے جرم کی انتہا ہے، بلاول

موجودہ کٹھ پتلی حکومت جنرل ضیاء کے جرم کی انتہا ہے، بلاول 


لاہور (این این آئی، آئی این پی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ کٹھ پتلی حکومت 5جولائی 1977کے جرم کی انتہا ہے، اب پاکستان میں یہ باب ہمیشہ کیلئے بند ہونے والا ہے، صوبائی خودمختاری کے نفاذ کی گنجائش محدود کی جا رہی ہے۔

عام شہری وباء اور ٹڈی دل کے رحم و کرم پر ، دو وقت کی روٹی اور انصاف مہنگا ، ہر گزرتے دن کیساتھ غریب مزید غریب ہوتا جارہا ہے ، پیپلز پارٹی نے آئین و جمہوریت کیلئے بے مثال جدوجہد اور لازوال قربانیاں دی ہیں جو حتمی فتح تک جاری رہیں گی۔

5 جولائی کے یوم سیاہ کے متعلق پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ5 جولائی 1977 پاکستان کی تاریخ کا سب سے شرمناک اور تاریک ترین دن ہے، منتخب حکومت اور پہلے براہ راست منتخب وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جِن عناصر نے ہٹایا وہ یا تو فضا میں نیست و نابود ہوگئے یا شرمناک زندگی گزار رہے ہیں۔ اس مکروہ عمل میں ملوث تمام کرداروں سے یہ ثابت ہوا کہ جرم و گناہ کی کوئی میراث نہیں ہوتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ کٹھ پتلی کی طرح ہر غاصب حکمران کو اس آفاقی حقیقت کی سمجھ اور ادراک نہیں ہوتا، پانچ جولائی 1977 کو آئین معطل، جمہوریت کو لپیٹا گیا، تمام شہری حقوق غضب، ترقی کے عمل کو روکا اور ہر سْو آمریت کے رنگ تھے۔ آمر کے ذاتی مفادات کو فروغ اور ان کو تحفظ دے کر پورے معاشرے کی بنیاد کو کرپشن پر رکھ دیا گیا۔

تازہ ترین