• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش کے بعد معطل بجلی اب تک بحال نہ ہوئی


کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بدترین بحران جاری ہے، بعض علاقوں میں گزشتہ روز سہ پہر 3 بجے معطل ہونے والی بجلی اب تک بحال نہیں کی جا سکی ہے۔

بارش کے بعد سے شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔

کراچی کی اختر کالونی میں 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی نہ آئی، کورنگی ناصر جمپ، پی اینڈ ٹی سوسائٹی، لکھنؤ سوسائٹی میں بجلی کی فراہمی اب بھی معطل ہے۔

گڈاپ، کاٹھور، گلشنِ معمار، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن، نارتھ کراچی، سر سید ٹاؤن اور احسن آباد میں بھی بجلی غائب ہے۔

ملیر، سعود آباد، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، جمشید روڈ، حیدرآباد کالونی، لائنز ایریا، ڈیفنس، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن میں بھی بجلی کئی گھنٹوں سے غائب ہے۔

ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ روز بجلی کی بندش رہی جبکہ لائنز ایریا میں 14 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

لائنز ایریا کے مکینوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف کوریڈور تھری پر احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

بارش کے موسم میں بجلی کے کھمبوں، ٹوٹی تاروں سے دور رہیں، کے الیکٹرک

کراچی میں آج دوپہر مزید بارش ہو گی

کراچی، تیز ہوا، بارش، کرنٹ و دیگر حادثات میں 5 بچوں سمیت 9 جاں بحق

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، کچھ مقامات پر درخت گرنے یا برساتی پانی جمع ہونے سے مشکلات ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا ہے کہ گلشنِ اقبال، بلدیہ ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن کے کچھ مقامات پر بجلی احتیاطاً بند کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش میں کراچی شہر میں پی ایم ٹی گرنے اور کرنٹ لگنے سے کئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔

تازہ ترین