• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج جب پوری دنیا کورونا وائرس نامی عالمی وبا سے نبرد آزما ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت اپنے دگرگوں معاشی و سماجی حالات اور اندرونی خلفشار و انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحدوں پر کشیدگی کو مسلسل ہوا دے رہا ہےجبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کی لہر میں حالیہ تیزی نے بھارت کو حواس باختہ کر دیا ہے جس کا مظاہرہ آئے روز کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کی صورت دنیا کے سامنے ہے، بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔بھارتی فوج نے گزشتہ رات ایل او سی پر آبادی کو نشانہ بنایا جس سے 5شہری زخمی ہوگئے۔ پاک آرمی کی جانب سے بھی بھارتی فوج کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا ہے جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیںجبکہ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے اندھا دھند بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 14بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ۔یہ اقدامات 2003ء کے جنگ بندی معاہدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین کی خلاف ورزی ہیں جبکہ بھارتی قابض فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے اور رواں برس ابتدائی 6 ماہ کے دوران ہی بھارت 11سوسے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ عالمی برادری کو بھارتی عزائم کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا پابند بنانا چاہیے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین