لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کردی۔ جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کی کورونا رپورٹ تو نیگیٹو آ گئی ہے پھر وہ کیوں نہیں آئے۔ شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ طبی ماہرین کے مطابق کورونا کی دو رپورٹس نیگیٹو آئیں تو مریض کو صحت یاب سمجھا جاتا ہے، ان کی طبیعت مکمل ٹھیک نہیں ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ نیب نے تو آپشن دیا ہے مستقل حاضری معافی منظور کر کے کیس چلا لیتے ہیں۔