راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)لاہورکے بعد پنجاب کے چاردیگربڑے شہروں میں بھی سٹریٹ کرائم روکنے کے لئے ڈولفن فورس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پرراولپنڈی ،ملتان ،گوجرانوالہ اورفیصل آباد میں ڈولفن فورس بنائی جارہی ہے پہلے مرحلے میں ڈولفن فورس کوضلع لاہورمیں متعارف کرایا گیااورمارچ میں صوبائی دارالحکومت میں محافظ سکواڈختم کرکے سڑکوں پرگشت اورجرائم پیشہ عناصرکاقلع قمع کرنے کی ذمہ داری ڈولفن فورس کوسونپ دی گئی ہے ذرائع کے مطابق برادرملک ترکی کی ڈولفن فورس سے متاثرہوکرصوبے میں نئی فورس کی تشکیل کافیصلہ کیاگیا جہاں 1994سے ڈولفن فورس کو سٹریٹ کرائم روکنے کے لئے کامیابی سے استعمال کیاجارہاہے۔ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو نئی یونیفارم ، نئے ہیوی ڈیوٹی موٹرسائیکل اورجدیداسلحے سے لیس کیاگیا ہے ذرائع کے مطابق ڈولفن فورس کو انتہائی جدید موٹرسائیکل دئیے گئے ہیں جن پر دواہلکاربیٹھ کرگشت کرتے ہیں یہ اہلکار ہیلمیٹ، وائرلیس سیٹوں،ہلکے ہتھیاروں ،پولیس سائرن،جی پی ایس ڈیوائس ،کیمروں اورجدید آلات سے مسلح کئے گئے اورتمام اہلکاروں کاسینٹرل کنٹرول روم سے رابطہ ہے ۔اس سلسلے میں پنجاب پولیس کے بعض افسروں کوترکی میں خصوصی سٹڈی کورسزکرائے گئے ہیں نئی فورس کے جوانوں کو ان تربیتی یافتہ پولیس ملازمین نے چوہنگ سینٹرلاہور میں تربیت دی ہے ۔لاہورمیں ڈولفن فورس کے لئے ریسپانس ٹائم 5منٹ مقررکیاگیاہے۔آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمدسکھیراکے حکم پرپنجاب کے چاروں سٹی ڈسٹرکٹس راولپنڈی،ملتان،فیصل آباداورگوجرانوالہ میں ڈولفن فورس کی تشکیل کے لئے مقامی پولیس چیفس سے تجاویزطلب کرلی گئی ہیں ۔