• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ پشاور میں ضم اضلاع کی لاء گریجویٹس میں وظائف کی تقسیم شروع

پشاور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ پشاورمیں زیر تعلیم ضم اضلاع کی 45 لاء طالبات میں وظائف کی تقسیم شروع ہوگئی، وظائف کی تقسیم آج بھی جاری رہے گی۔ وظائف یواین ڈی پی ، ایس آر ایس پی اور جامعہ پشاور کے مشترکہ پروگرام قانون کی حکمرانی کے تحت دیئے جارہے ہیں، طالبات کو50 ہزار روپے اور لاء گریجویٹس وپریکٹسنگ خواتین لائرز کو90 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈائریکٹر ایریا سٹڈی سنٹر پروفیسر شبیر احمد خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے طالبات میں چیک تقسیم کئے ، پشاور خیبر لاء کالج کے پروفیسر سہیل شہزاد اور علی عمران بھی موجود تھے ۔ پروفیسر شبیر احمد خان نے کہا کہ وظائف ریاستی و قومی و بین الاقوامی اداروں کی کائوشوں کا مظہر ہیں جس سے نچلی سطح تک خواتین وکلاء کے ذریعے عدالتی نظام کی اہم اکائی کو مظبوط کیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر سہیل شہزاد نے کہا کہ پراجیکٹ سے ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والی لاء گریجویٹس کواپنا کیریئر تشکیل کرنے میں مدد ملے گی جس سے وہ مستقبل میں اپنے علاقوں میں جج ،پروسیکوٹر ، ڈیفنس کونسل اور عدالتی خدمات میں اپنی معاونت فراہم کریں گی کیونکہ عدالتی و سماجی انصاف اور آئینی جمہوریت کے طور پر خواتین وکلاء کا ان علاقوں میں ہونا اشد قومی ضرورت ہے۔ یو این ڈی پی کی نمائندہ سلمیٰ زیب نے کہا کہ پروگرام کا2011میں مالاکنڈ ریجن میں آغاز ہوا آج 60 کے قریب خواتین وکلاء عدالتوں میں فرائض انجام دے رہی ہیں ۔ ایس آر ایس پی کے سینئر منیجر ضیاء الدین نے کہا کہ پروگرام سے ضم اضلاع کی خواتین لاء گریجویٹس کو اپنے علاقوں میں عدالتی انصاف میں خدمات دینے کا موقع اور سوچ فراہم کی جارہی ہے جس کے ذریعے وہ ضم علاقوں میں عدالتوں ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور جیل خانہ جات میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کو قومی دھارے میں برابری کی سطح پر لایا جاسکے گا ۔ پراجیکٹ کے دوران سات روزہ سینئر پروسکیوٹرز کی تربیت ، دو روزہ کمیونٹی موبلائرز اور پبلک لائزون اہلکاروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ نصابی تشکیل اور دو روزہ کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیاہے۔
تازہ ترین