پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے وزراء ایک دوسرے کے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہیں اپنی کارکردگی بیان نہیں کرتے ہیں، شہریارآفریدی ایس پی طاہر داوڑ اور ساہیوال واقعہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کریں۔
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی اور روبینہ خالد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس کرپشن کیس کی بات کرتے ہیں حکومت سپریم کورٹ کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزراء وفاق میں جاکر جھوٹ بولتے ہیں، جبکہ کورونا کے فنڈز میں بھی خیبرپختونخوا کو نظرانداز کردیا گیا اور سوچی سمجھی سازش کے تحت قبائلی علاقوں میں قبائل کو لڑایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو خوار کیا جارہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی نہیں کہا کہ مجھے زرداری نہ کہا جائے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ پہلے جو جے آئی ٹیز بنی تھیں، ان کے نتائج کہاں گئے؟ بی آر ٹی، مالم جبہ، سوات ایکسپریس وے کا کیا بنا؟ اور سلائی مشینوں کے ذریعے اربوں روپے کیسے آئے؟۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاست گالی بن گئی ہے، جس کا سہرا پی ٹی آئی کے سر ہے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ ریاست مدینہ میں جھوٹ کی سزا کیا تھی؟۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو نے اس ملک پر بہت احسانات کئے ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اسپتالوں کے دروازے غریبوں پر بند کرا دیے گئے ہیں، ہم نے بہت برداشت کیا، مزید اپنے رہنماؤں کی بے توقیری منظور نہیں کریں گے۔