• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوسنیا میں مسلمانوں کا قتل عام تاریخی ’’سینٹر چرچ‘‘ میں 25 ویں برسی کا انعقاد

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا) بوسنیا کے مسلمانوں کے قتل عام کی 25ویں برسی پر کالڈرڈیل کونسل آف ماسک کے زیر اہتمام ہیلی فیکس کے تاریخی ’سینٹر چرچ‘ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں لیڈر آف دی کونسل کونسلر ٹیم سیفٹ، چیئرمین کالڈر ڈیل کونسل آف ماسک ندیم میر، وکلاء، کونسل کے افسران، لوکل کونسلرز کے علاوہ بریڈ فورڈ سٹی کونسل کی کونسلر صبیحہ خان اور مسلم کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ لیڈر آف دی کالڈر ڈیل کونسل کونسلر ٹیم سیفٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25سال قبل نہتے مسلمانوں پرجو ظلم کیا گیا وہ قابل مذمت ہے، ہم ان کی یاد میں یہاں مسلم کمیونٹی کے ساتھ موجود ہیں۔ چیئرمین کونسل آف ماسک ندیم میر نے کہا کہ بوسنیا میں مسلمانوں کا بدترین قتل عام کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں آنے والے دیگر مذاہب کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہمارے مسلم بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہاں موجودہیں۔ ندیم میر نے کہا کہ اسلام امن محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ بریڈ فورڈ کی کونسلر صبیحہ خان نے کہا کہ ہم بوسنیا کے مسلمانوں کے ساتھ بد ترین ظلم کیا گیا اور ہزاروں مسلمانوں نے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتی ہیں، اسلام دیگر مذاہب کے ساتھ امن و محبت کا درس دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان کشمیر سمیت دنیا بھر میں امن کے خواہ ہیں۔ تقریب میں بوسنیا کے مسلمانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہرگز برداشت نہیں کی جانی چاہئیں اور اقوام متحدہ کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین