• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: اضافی گیس ملنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی


کراچی میں اضافی گیس ملنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی صنعتوں کو 3 دن کے لیے گیس کی بندش کی جارہی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جاسکے۔

اضافی گیس ملنے پر بھی شہر کے مختلف علاقوں میں 10،10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

گیس کی بندش پر صنعت کار ناراض ہوگئے اور گیس کی بندش کو صنعتوں کو دوالیہ کرنے کی ساز ش قرار دیدیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی ایل) کو ’کے-الیکٹرک‘ کو مزید اضافی گیس فراہم کرنے کا حکم مل گیا۔

سوئی سدرن پہلے ہی طے شدہ معاہدے سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی زیادہ گیس کے-الیکٹرک کو دے رہا تھا۔

اب اسے ہدایت ملی ہے کہ مزید 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے-الیکٹرک کو دی جائے۔

اس طرح سوئی سدرن کے-الیکٹرک کو طے شدہ مقدار سے 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس زیادہ فراہم کرے گا۔

اتنی زیادہ گیس کے-الیکٹرک کو دینے کی وجہ سے اگلے دو دن سندھ کے سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

دوسری جانب اتوار کو 24 گھنٹے کے لیے صنعتوں کی گیس بھی بند کردی جائے گی۔

ادھر سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے حکومت سے اس پر نظرِ ثانی کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کو گیس کی بجائے فرنس آئل پر بھی چلایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین