برسات کا موسم آتا ہے تو دل بھی ہر شے کی طرح کِھل اٹھتا ہے۔ جب مٹی کی سوندھی مہک اٹھتی ہے تو اس زمین سے اپنائیت کا احساس اور بڑھ جاتا ہے۔ اس موسم کا لطف اٹھانے کے لیے دل چاہتا ہے کہ کہیں باہر گھومنے جائیں اور طرح طرح کے من پسند پکوان کھائیں۔ کورونا وائرس کے باعث احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گھر سے غیرضروری باہر نکلنے سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے۔
ایسے میں یا تو ریستوران سے من پسند پکوان کھانے آرڈر پر منگوائے جاسکتے ہیں یا پھر گھر میں تیار کیے جاسکتے ہیں۔ ہمارے ملک کی خواتین کھانے پکانے میں ماہرتصور کی جاتی ہیں۔ وہ ہر اچھے سے اچھا کھانا گھر پر تیار کرنے کا ہنر جانتی ہیں اور اپنے گھر والوں کے آگے دستر خوان سجاتی ہیں۔
برسات کے موسم کے اپنے رسم و رواج اور اپنے روایتی لذیذ پکوان ہوتے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ پکوڑے، سموسے، کچوری، حلوہ پوری، بیسن کی روٹی، سرسوں کا ساگ، میٹھی ٹکیاں، گونجے اور فرنچ فرائز خاص طور سے بنائے جاتے ہیں۔
یہ وہ پکوان ہیں جن کو عام طور پر کھانا بہت پسندکیا جاتا ہے جبکہ برسات میں تویہ ہر دلعزیز خیال کیے جاتے ہیں۔ تمام گھر والے ایک ساتھ بیٹھ کر موسم اور ان پکوانوں کا مزہ لیتے ہیں۔ ان پکوانوں کی ریسیپیز توجہ فرمائیں۔
پالک اور پیاز کے پکوڑے
درکار اجزاء:
پالک۔ – آدھی گڈی
بیسن۔ ایک کپ
درمیانی پیاز۔2عدد کٹی ہوئی
ہری مرچ۔2باریک کٹی ہوئی
ہرا دھنیا۔ – آدھا کپ
سفید زیرہ۔ – آدھا چائے کا چمچ
ہلدی۔ ایک – چوتھائی چائے کا چمچ
لال مرچ۔ کٹی ہوئی – آدھا چائے کا چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔ – آدھا چائے کا چمچ
تیل۔ – تلنے کیلئے
نمک۔ – حسبِ ذائقہ
ترکیب:
بیسن چھان لیں اور پالک دھوکر باریک کاٹ لیں۔ اس میں بیسن شامل کر دیں اور تیل کے علاوہ سب کچھ ڈال دیں۔ اب مکس کر کے 15منٹ کے لیے رکھ دیں پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرکے پیش کریں۔
چائنیز سموسہ
درکار اجزاء:
چکن۔ بون لیس آدھا کلو
آلو۔ چار عدد
انڈے ۔پانچ عدد (ابلےہوئے)
نمک اور کالی مرچ۔ حسب ذائقہ
سموسے کی پٹیاں ۔حسب ضرورت
تیل۔ ڈیپ فرائی کے لئے
ترکیب:
ایک دیگچی میں آلو اور چکن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی نمک اور کالی مرچ شامل کر دیں اور دودھ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ خشک ہو جائے جبکہ آلو اور چکن گل جائے۔ اب اس آمیزے کو اچھی طرح ملا لیں اور انڈوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے ڈالیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ یہ آمیزہ سموسہ پٹی پر رکھیں اور سموسے بنا لیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گر م کر یں اور سموسے ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک تل لیں۔ انہیں املی یا پو دینے اور دہی کی چٹنی کے ساتھ پیش کر یں۔
آلو پاپڑی چاٹ
درکار اجزاء:
آلو ۔آدھا کلو (چھوٹے)
پاپڑی۔ چھ عدد (چورا کی ہوئی)
دال سیو۔ ایک پیکٹ
تیل۔ ایک چوتھائی کپ
کڑی پتے۔ آٹھ سے دس عدد
زیرہ ۔ایک کھانے کا چمچ
رائی۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
لال مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ
املی کا گودا۔ ایک چوتھائی کپ
چاٹ مصالحہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ہری مرچ ۔چار عدد
ترکیب:
پہلے آلوؤں کو چھیل کر اُبال لیں۔ اب ایک پین میں ایک چوتھائی کپ تیل گرم کرکے اس میں کڑی پتہ، زیرہ اور رائی ڈال کر فرائی کریں۔ ساتھ ہی اس میں نمک، لال مرچ، ہلدی اور املی کا گودا ڈال کر تھوڑا بھونیں۔ اس کے بعد اس میں آلو، چاٹ کا مصالحہ اور ہری مرچ شامل کرکے مکس کریں اور پھر اُتار لیں۔ اب اسے ڈش میں نکال کر چورا کی ہوئی پاپڑی اور دال سیو ڈال کر پیش کریں۔
سموسہ چاٹ
سموسے کیلئے درکار اجزاء:
میدہ۔ دو کپ
اجوائن۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
نمک۔ آدھا چائے کا چمچ
پانی ۔گوندھنے کے لئے
گھی۔ دو کھانے کے چمچ
فلنگ کے لیے:
آلو(اُبلے ہوئے)۔ دو عدد
ہری مرچ (کٹی ہوئی)۔ دو عدد
ہرا دھنیا (کٹا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ
لال مرچ (کُٹی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ
چاٹ مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
چاٹ بنانے کے لیے:
سموسے۔ دو عدد
چنے(اُبلے ہوئے)۔ آدھا کپ
دہی(پھینٹا ہوا)۔ آدھا کپ
لال مرچ (پسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ
چاٹ مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ
پیاز(کٹی ہوئی)۔ دو کھانے کے چمچ
ہرے دھنیے کی چٹنی۔ دو کھانے کے چمچ
املی کی چٹنی۔ چار کھانے کے چمچ
سیو (کٹی ہوئی)۔دو سے تین کھانے کے چمچ
ترکیب:
سموسے بنانے کےلئے ایک پیالے میں میدہ، نمک، اجوائن اور گھی ڈال کر پانی کے ساتھ گوندھ لیں اور ڈھک کر تیس منٹ کےلئے چھوڑ دیں۔ پھر اس کے پیڑے بنائیں اور ہر پیڑے کو لمبائی میں بَیل کر درمیان سے دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔
فلنگ کےلئے اُبلے آلو ، کٹی ہری مرچ، کٹا ہرا دھنیا، کٹی لال مرچ، چاٹ مسالہ اور نمک کو آپس میں ملا کر فلنگ تیار کرلیں۔ پھر ہر ٹکڑے میں فلنگ بھر کے سموسے کی طرح فولڈکرلیں۔ اب یہ سموسے گرم تیل میں ہلکی آنچ پر گولڈن فرائی کرلیں۔
چاٹ بنانے کےلئے ایک پلیٹ میں دو عدد سموسے ڈالیں۔ہر سموسے کو آہستہ سے دبائیں حتیٰ کہ وہ ٹوٹ جائے۔اس پر اُبلے چنے اور تھوڑا سا دہی ڈالیں۔ پھر اس پر لال مرچ اور چاٹ مسالہ بھی چھڑک دیں۔اس کے بعد ہرے دھنیے کی چٹنی اور املی کی چٹنی پھیلا کر ڈالیں۔ آخر میں کٹی پیاز ڈالیں اور سیو سے گارنش کرکے پیش کریں۔
سرسوں کا ساگ
درکار اجزاء:
سرسوں کا ساگ۔ ایک گڈی
پالک۔ ایک گڈی
میتھی کا ساگ۔ ایک گڈی
پانی۔ آدھا کپ
گُڑ۔ ایک چائے کا چمچ
موٹی ہری مرچ۔ پانچ سے سات عدد
نمک۔ حسب ذائقہ
ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا
مکئی کا آٹا۔ دو کھانے کے چمچ
(ایک چوتھائی پانی میں حل کرلیں)
مکھن۔ حسب ضرورت
گارنش کے لئے:
بڑی پیاز۔ دو عدد باریک کٹی ہوئی
لہسن۔ ایک چائے کا چمچ
(دونوں کو ایک چوتھائی کپ تیل میں فرائی کرلیں)
ترکیب:
ایک بڑی دیگچی میں آدھا کپ پانی ڈال کر سرسوں کے پتے پندرہ سے بیس منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں تمام دیگر اجزاء شامل کر کے پندرہ سے بیس منٹ تک مزید پکائیں پھر بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا بلینڈ کریں۔ پھر مکئی اور پانی کا محلول ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں۔ لیجیے سرسوں کا ساگ تیار ہے، اوپر سے گارنش کر کے پیش کریں۔
بیسن کی روٹی
درکار اجزاء:
بیسن۔ – دو کپ
آٹا۔ – ایک کپ
نمک۔ – آدھا چائے کا چمچ
کُٹی لال مرچ۔ – آدھا چائے کا چمچ
زیرہ۔ – آدھا چائے کا چمچ
کُٹا ہوا دھنیا۔ – آدھا چائے کا چمچ
کٹی ہری مرچ۔ – دو عدد
کٹی ہری پیاز۔ ایک عدد
کٹا ہرا دھنیا۔ – ایک کھانے کا چمچ
زیتون کا تیل۔ – چار کھانے کے چمچ
ترکیب:
ایک پیالے میں بیسن، آٹا، نمک، کُٹی لال مرچ، زیرہ، کُٹا ہوا دھنیا، کٹی ہری مرچ، کٹی ہری پیاز، کٹا ہرا دھنیا اور زیتون کو تیل ڈال کر مکس کریں۔ اب اسے نیم گرم پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں اور پھراسے تیس منٹ کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔ آخر میں اس کی روٹیاں بیل کر توے پر دونوں جانب سے سینک لیں۔
آلو کے پراٹھے
درکار اجزاء:
آٹا۔ ایک کلو
انڈہ۔ ایک عدد
آلو۔ آدھا کلو
گھی۔ حسب ضرورت
نمک۔ حسب پسند
سرخ مرچ۔ حسب پسند
سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
ہری مرچ۔ چھ عدد
بڑی پیاز۔ ایک عدد
ادرک۔ ایک چوتھائی چھٹانک
ہرا دھنیا۔ تھوڑا سا
پسا ہوا گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ
سوکھا دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ
ترکیب:
آٹے میں تھوڑا سانمک ملا کر اچھی طرح گوندھیں۔پھر آلو اُبال کر انہیں چھیل کر میش کر لیں۔ ان میں نمک، سرخ مرچ، ہری مرچ، گرم مسالہ،سوکھا دھنیا، زیرہ، ہرا دھنیا، اور ادرک پیس کر ملا لیں۔ انڈے کو بھی خوب اچھی طرح پھینٹ کر آلو میں اچھی طرح ملادیں۔ اب آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور ان کو بیل کر رکھ لیں۔
ایک پیڑا بیل کر رکھیں اور اس پر آلوؤں کی تہہ بچھا کر اوپر دوسرا پیڑا رکھ دیں اور دونوں کناروں کو اچھی طرح دبا کر بند کر دیں تاکہ آلو باہر نہ آسکیں۔ اس کو روٹی کی طرح بیل کر گرم توے پر ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر دونوں طرف سے سرخ کر کے اتار لیں۔ مکھن لگا کر کھائیں تو آلو کے پراٹھے بہت مزہ دیں گے۔
نوڈلز اسٹفنگ کے ساتھ ہرا بھرا پراٹھا
سبز پیسٹ کیلئے درکار اجزاء:
پودینہ۔حسبِ ضرورت
ہری مرچیں۔دو عدد
ہرا دھنیا۔ حسبِ ضرورت
پیاز۔ آدھی
(پودینہ، ہرادھنیا، ہری مرچ اور پیاز کو پیس کر چٹنی تیار کرلیں)
پراٹھے کے لئے:
گندم کا آٹا۔تین کپ
گھی۔تین کھانے کے چمچ
ثابت زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ
اجوائن۔آدھا چائے کا چمچ
تیل یا گھی۔فرائی کرنے کے لئے
نمک ۔حسبِ ذائقہ
اسٹفنگ کے لئے:
نوڈلز ۔دو کپ(اُبال لیں)
ہری مرچیں ۔دو عدد(چوپ کی ہوئی)
مکس سبزیاں۔آدھا کپ
تیل۔دوکھانے کے چمچ
ترکیب:
اسٹفنگ کے لیےایک کڑھائی میں تیل گرم کریںاور سبزیوں کو نرم ہونے تک پکائیں۔ اس کے بعد نوڈلز،لہسن اور ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ مزید دو سے تین منٹ تک پکائیں اور پھر چولہے سے اتار کر ایک طرف رکھ دیں۔پراٹھے بنانے کے لیے چٹنی ،گندم کا آٹا، گھی،زیرہ ،اجوائن اور نمک مکس کر کے پانی سے گوندھ لیں۔
اس کے پیڑے بنا کر پراٹھے بیل لیں۔اب توے کو گرم کریں اور ہلکی آنچ پر پراٹھے سینک لیں، وقفے وقفے سے تیل یا گھی لگاتے رہیں۔ درمیان میں اسٹفنگ رکھ کر پراٹھوں کو رول کریں۔آپ انہیں کیچپ یا اچار کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں۔
قیمہ کچوری
درکار اجزاء:
قیمہ ۔ آدھا کلو
نمک ۔ حسب ذائقہ
ادرک لہسن پسا ہوا ۔ ایک کھانے کا چمچ
درمیانی پیاز (آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی) ۔ دو عدد
لال مرچ پسی ہوئی۔ ایک چائے کا چمچ
ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ
کالی مرچ پسی ہوئی ۔ آدھا چائے کا چمچ
سفید زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ
ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) ۔تین سے چار عدد
ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا)۔ ایک گٹھی
لیموں کا رس ۔ دو کھانے کے چمچ
میدہ۔ایک کلو
میٹھا سوڈا ۔ ایک چائے کا چمچ
اجوائن ۔آدھا چائے کا چمچ
گھی۔تلنے کے لیے
ترکیب:
سب سے پہلے میدہ لیں اور اس میں نمک، میٹھا سوڈا، اجوائن اور چار کھانے کے چمچ گھی ڈال کر آٹھ سے دس منٹ تک اچھی طرح گوندھیں۔ پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ گھی درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ تک گرم کریں۔ قیمہ،ادرک لہسن، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔
پھر ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر دو سے تین منٹ بھون لیں۔ چولہے سے اتار کر اس میں پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ملا لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنا لیں اور ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلا لیں۔ ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بھر کر پیڑے کو اچھی طرح بند کریں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
اب کڑاہی میں گھی کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ گرم کریں، ساتھ ہی ہاتھ کو دوبارہ گیلا کر کے پیڑے کو ہتھیلی پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں، پھر گرم گھی میں گولڈن براؤں ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ کچوریوں کو ٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر نکال لیں اور پیش کریں۔
میٹھی کچوری
درکار اجزاء:
میدہ۔ 250گرام
گھی۔ 30ملی لیٹر
چینی۔ 250گرام
بادام کی گری۔ 30گرام
پستے۔ 15گرام
کیوڑا ۔ایک کھانے کا چمچ
چاندی کے ورق۔ چار عدد
دودھ۔ حسب ضرورت
گھی۔ حسب ضرورت
ترکیب:
گھی گرم کر کے میدہ ڈالیں اور ذرا سا نمک ملا کر دودھ سے سخت گوندھ لیں، یہاں تک کہ وہ ملائم ہو جائے۔ آدھے گھنٹے بعد اس میدے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بناکر چوکور شکل میں بیل لیں۔ چینی میں تھوڑا سا پانی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور اس کا گاڑھا شیرہ تیار کر کے اس میں کیوڑا ملا کر رکھ دیں۔ بیلے ہوئے چار ٹکڑے لے کر انہیں اوپر تلنے کیلئے رکھیں اور چاروں ٹکڑوں کو انگلیوں کی مدد سے چاروں طرف سے دبا کر بند کر دیں۔
اسی طرح باقی میدے کی کچوریاں بنا لیں۔فرائی پین یا کڑاہی میں گھی ڈال کر گرم کرلیں اور ہلکی آنچ پر ان کچوریوں کو تل لیں۔ سرخ ہو جائیں تو کچوریاں نکال کر شیرے میں ڈالتے جائیں۔ ایک گھنٹے بعد نکال لیں۔ بادام اور پستے کاٹ کرگارنش کریں اور ٹھنڈی ہو جانے پر چاندی کے ورق لگا دیں۔نہایت لذیذ میٹھی کچوریاں تیار ہیں۔