• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع بدین میں پے در پے مبینہ خودکشیاں معمہ بن گئیں


بدین ضلع میں پے در پے ہونے والی 4 مبینہ خودکشیاں معمہ بن گئیں، 22 سالہ نوجوان کی مبینہ خودکشی پر ورثا کا کہنا ہے کہ دوست کی خودکشی سے دلبرداشتہ ہو کر مکیش نے اپنی جان لی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹنڈو غلام علی کے قریب 22 سالہ نوجوان مکیش کولہی نے پھندا لگا کر مبینہ خودکشی کرلی جس کے بعد گزشتہ دو دن میں ضلع بھر میں مبینہ خودکشیوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب بدین میں مبینہ خودکشی کرنے والے ایک اور شخص وکرم کولہی کی لاش کا پوسٹ مارٹم اسپتالوں کی حد بندی کے باعث اب تک نہیں ہوسکا ہے ۔

ذرائع کے مطابق راجو خانانی کے دیہی صحت مرکز میں ڈاکٹر نہ ہونے پر 3گھنٹےبعد لاش تعلقہ اسپتال تلہارمنتقل کر دی گئی ، 6 گھنٹے لاش تعلقہ اسپتال تلہار پڑی رہی ۔

جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی جی ہیلتھ نے نوٹس تو لے لیا، لیکن تلہار اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اسد نے حدود کا تنازع کھڑا کردیا، وہ بضد ہیں کہ پوسٹ مارٹم راجو خانانی اسپتال کے ڈاکٹرز ہی کریں گے۔

ڈاکٹر اسد کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے لئے جگہ اور سامان تو دے سکتے ہیں لیکن پوسٹ مارٹم راجوخانانی کے سرکاری ڈاکٹر ہی کریں گے۔

ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے لاش کا پوسٹ مارٹم تلہار اسپتال میں ہی کرانے کی ہدایت کے باوجود اب تک پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا کی جانب سے وکرم کی لاش اسپتال کے دروازےپر رکھ کر مظاہرہ کیا گیا اور 17 گھنٹے بعد وہ لاش زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔

ایم ایس راجوخانانی اسپتال ڈاکٹرنیازاحمد کے مطابق بجلی اور دیگر سہولتیں نہ ہونے پر رات میں پوسٹمارٹم ممکن نہیں تھا،اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور اتوار کی تعطیل کے باعث پوسٹمارٹم نہیں ہوسکا تھا۔

واضح رہے کہ پولیس کے مطابق 25 سالہ وکرم کولہی کی درخت سے لٹکی لاش ملی تھی ۔

تازہ ترین