• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرملکی ائیرلائنز میں کام کرنیوالے 21 پائلٹس کلیئر قرار


سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) پاکستان نے پائلٹس اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے لائسنسز کی تصدیق کا آغاز کردیا ہے۔

سی اے اے نے غیر ملکی ائیرلائنز میں کام کرنے والے 21 پائلٹوں کے لائسنسز کی تصدیق کرکے کلیئر قرار دے دیا۔

وزیر ہوابازی غلام سرور کے مشکوک لائسنسز سے متعلق بیان کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے پاکستانی پائلٹس اورفضائی عملے کے لائسنسز سے متعلق تصدیق مانگی تھی۔

سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے مختلف ممالک کی سول ایوی ایشنز کی تحریری درخواست پر پائلٹوں اور دیگر عملے کے لائسنسز سے متعلق تصدیق کا آغاز کردیا گیا۔

اس مقصد کے لئے تیز ترین عمل اختیار کیا جارہا ہے اور لائسنسز کی تصدیق کرکے پائلٹس کو کلئیر کرکے دیگر مواصلاتی نظام کے ساتھ ای میل پر بھی غیرملکی فضائی اداروں کو مطلع کیا جارہا ہے۔

اومان اور ہانگ کانگ کی سول ایوی ایشنز کی درخواست پر اومان کی سلام ائیرلائن کے 18 اور ہانگ کانگ کی ائیرلائن میں کام کرنے والے 3 پاکستانی پائلٹوں کے لائسنسوں کی تصدیق کرکے کلئیر قرار دے دیا گیا۔

دوسری جانب بحرین اور دیگر ممالک سے پاکستانی پائلٹوں کے لائسنسوں کی تصدیق اور وضاحت کے معاملے پر بھی تیزی سے کارروائی کی جارہی ہے۔

بیرون ملک کام کرنے والے پائلٹس میں کیپٹن فواد شہاب، شیخ سیف اللّٰہ، محمد بلال ملک، محمد جاوید، محمد راشد کے لائسنس کلئیر قرار دیئِے گئے۔

سول ایوی ایشن پاکستان نے کیپٹن محمد اطہر اقبال، محمد آصف، فرحان خان، بابر سلطان، فرخ بھٹی، سجاد ملک، ضیاالحق کے لائسنس کی بھی تصدیق کردی۔

اس کے علاوہ کیپٹن نتاشہ سلطان، عباس رضوی، عمر جعفر سمیت دیگر کپتانوں کے لائسنسز کی بھی تصدیق کر دی ہے جبکہ ہانگ کانگ ائیرلائن کے پائلٹس محسن علی نقوی، فیضان خالد رضوی اور شہریار امان مفتی کو بھی کلئیر قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین