پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری چودھری منظور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے بجٹ سے قبل اے پی سی کے انعقاد کی بھرپور کوشش کی۔بلاول بھٹو نے اے پی سی کے انعقاد کے لیے ایک ہفتہ لاہور میں قیام کیا۔ ہم اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن کی بڑی پارٹی کا اے پی سی کے لئے انتظار کرتے رہے، آج بھی اس انتظار میں ہیں کہ مسلم لیگ ن اے پی سی کی تاریخ دے۔
چودھری منظور نے رانا ثنا اللہ کے انٹرویو پر ردعمل میں کہا ہےکہ بلاول بھٹو نے بجٹ سے قبل تمام پارٹیوں سے رابطے کئے مگر بدقسمتی سے اے پی سی نہ ہوسکی، بجٹ کے بعد بھی اے پی سی کے انعقاد کی کوششیں جاری رکھیں لیکن اے پی سی پھر بھی نہ ہوئی۔
چودھری منظور کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نےاسپیکر قومی اسمبلی کے جانب دارانہ رویے پر کہا تھا اس معاملے کو اپوزیشن کو دیکھنا چاہیے، اسپیکر کی نگرانی میں ہماری قیادت اور اپوزیشن کے خلاف ہرزہ سرائی کی جاتی ہے، جب ہمارے لوگ اسمبلی میں حکومتی ہرزہ سرائی کا جواب دیتے ہیں تو ان کو بولنےنہیں دیا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اے پی سی میں اسپیکر کے رویے پر بات کر کےحتمی فیصلہ کریں گے، آج بھی اس پر قائم ہیں، اگر اپوزیشن پارٹیوں نے کردارادا نہ کیا تو عوام کسی کا انتظارنہیں کریں گے۔مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی نااہلی نے عوام کی زندگی عذاب بنا رکھی ہے۔ یہ عذاب جتنا جلدی ٹل جائے اچھا ہے۔