• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام ایمانداری اور ایفائے عہد کا نام ہے ، ضیاء المحسن

برمنگھم(پ ر )جمعیت علمائے برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری مولانا ضیا المحسن طیب نے قر طبہ اکیڈیمی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام داڑھی اور پگڑی کا نام نہیں، اسلام ایمانداری اور ایفائے عہد کا نام ہے ۔ہم نام کے مسلمان ہیں ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔انہوں نےمولانا محمد منظور نعمانی رحمتہ اللہ علیہ مصنف معارف الحدیث کے صاحبزادے مولانا محمد سجاد نعمانی مدظلہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ انہوں نےاپنے ایک بیان میں ایک غیر مسلم ٹیکسی ڈارئیور کی ایمانداری کا واقعہ سناتے ہوئے فرمایا “ہم لوگ جن کو جہنمی سمجھتے ہیں اور ایک لمحہ کے لیے بھی نہیں سوچتے کہ ان کی ترقی کا راز کیا ہے؟ اللہ تعالی یہ نہیں کہتے کہ یہ چونکہ جہنمی ہیں اس لئےاگر یہ ایماندار ہیں تو میں ان کو دنیا میں جینے کا حق نہیں دوں گا، یہ اللہ کا قانون نہیں ہے یہ مسلمانوں کی تمناتو ہو سکتی ہے لیکن اللہ کا قانون نہیں ہے۔ مولانا نعمانی فرماتے ہیں اس نے نہ چلہ لگایا تھا نہ وہ نماز پڑھتا تھا نہ وہ کلمہ پڑھتا تھا نہ اس کی پگڑی تھی نہ جبہ تھا نہ ٹوپی تھی مگر ایمانداری تھی، ہمارے پاس یہ سب ہے، ایمانداری نہیں ایک صاحب کا یہ مشھور جملہ ہے کہ میں نےیورپ میں اسلام دیکھا، مسلمان نہیں دیکھے اور میں نے مسلم ملکوں میں مسلمان دیکھے اسلام نہیں دیکھا، ہم مسلمان تو ضرور ہیں مگر ہمارے پاس اسلام نہیں ہے، مجھے صاف کہنے دیجئے کہ ہمارے پاس اسلام نہیں ہے، یاد رکھیں!اسلام پگڑی اور داڑھی کا نام نہیں، اسلام کرتے اور پاجامے کا نام نہیں، اسلام سچ بولنے کا نام ہے، اسلام ایمانداری کا نام ہے، اسلام وعدہ پورا کرنے کا نام ہے، اسلام وقت کی پابندی اور صحیح ناپ تول کرنے کا نام ہے۔

تازہ ترین