• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ اقراء عزیز کو مداحوں کی جانب سے اُن کے شوہر، اداکار یاسر حسین کو سدھارنے کے مشورے دیے جانے لگے۔

اقراء عزیز کی جانب سے رمضان میں دیئے گئے ایک انٹرویو کا چھوٹا سا کلپ فوٹو، ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر وائرل ہو رہا ہے ۔

وائرل ویڈیو میں اقراء عزیز کا کہنا ہے کہ ’ وہ سمجھتی ہیں کہ انسان کو زندگی میں جو کچھ بھی ملنا ہوتا ہے وہ مل کر رہتا ہے، نصیب کا لکھا کہیں نہیں جاتا اور کسی بھی طریقے سے مل کر ہی رہتا ہے اور جو انسان کے نصیب میں نہیں ہوتا وہ نہیں ملتا۔‘


اقراء کا اپنے انٹرویو کے دوران مزید کہنا ہے کہ ’یہ چھوٹی سی بات دھیان میں رکھنی چاہیے ، یہ سب اللّٰہ کی طرف سے ہے ۔‘

انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے اقراء عزیز کی سوچ کو خوب سراہا جا رہا ہے اور اُنہیں مشورے دیے جا رہے ہیں کہ اپنے شوہر کو بھی یہ باتیں سکھا دو۔

واضح رہے کہ آج کل یاسر حسین ترکش فنکاروں کو پاکستان میں ملنے والے کام پر نالاں نظر آ رہے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہر ڈرامے ، فلم اور اشتہار میں پاکستانی فنکاروں کو ہی نظر آنا چاہیے ۔

یاسر حسین کی جانب سے اس نظریے کو کئی پاکستانی معروف فنکار صحیح قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو سرحدوں سے متعلق نہیں سوچنا چا ہیے۔

جیسے پاکستانی فنکار بھارت جا کر کام کرتے ہیں ویسے ہی دوسرے ممالک سے بھی فنکاروں کے پاکستان آنے پر کوئی تنقید نہیں ہونی چاہیے ۔

تازہ ترین