• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشیں جاری،کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی،شاہراہ قراقرم  تاحال  بند،گلگت سکردو میں خوردنی اشیاء اور دوائوں کی قلت

ملتان،اسلام آباد،(نمائندگان جنگ،صباح نیوز) مختلف علاقوں میں بارشیں جاری ہیں،کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی آنے سے راستے منقطع ہو گئے،دوسری طرف بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم  تاحال  بندہے ،گلگت سکردو میں خوردنی اشیاءاور دوائوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے،تفصیلات کے مطابق  بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے کوہستان کے علاقے ہربن سمیت متعدد مقامات پر اہم ترین شاہراہ قراقرم گیارہویں روز بھی بند رہی ۔ شاہراہ قراقرم کی بحالی کیلئے ایف ڈبلیو او کے اہلکار کام کر رہے ہیں تاہم بحالی کے کاموں میں بارش رکاوٹ بن گئی  ہے۔ بارش سے سوات ، بشام اور چکیسر سمیت متعدد رابطہ سڑکیں دوبارہ بند ہو گئی ہیں ۔ حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند گلگت سکردو روڈ بھی بحال نہ ہو سکا ۔ گلگت سکردو اور ہنزہ میں پھنسے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو آرمی ہیلی کاپٹرز اورقومی ائیر لائنز کی پروازوں کے ذریعے ریسکیو کیاگیا ہے ۔ سڑکوں کی بندش کے باعث گلگت سکردو اور دیگر اضلاع میں گندم سمیت خوردنی اشیا اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات ختم ہونے کے باعث پیڑول پمپوں پر تالے لگ گئے ہیں جہاں پٹرول اور ڈیزل نہ ملنے کے باعث 60 فیصد سے زائد پرائیویٹ اور مسافر گاڑیاں بھی بند ہوگئی ہیں ۔ بلتستان ڈویژن میں ایس سی او نے آٹھ روز بعد لائن فون ، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کر دیا ہے جبکہ سکردو گلگت روڈ سمیت شاہراہ قراقرم کی بحالی کیلئے این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے اہلکار کام کر رہے ہیں ۔ قومی ائیر لائن نے سڑکوں کی بندش کے باعث پیر کوسکردو کیلئے دو ائیر بیس کی پروازوں کا شیڈول دیا ہے جبکہ ائیر فورس کے دو خصوصی سی ون تھرٹی طیارے 170بوری گندم لیکر سکردو اور گلگت پہنچ گئے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے وفاقی حکومت سے خصوصی طیاروں کے ذریعے خوردنی اشیا اور سرکاری ہسپتالوں کیلئے ادویات ، آکسیجن سلنڈرز اور جان بچانے والی ادویات کا سٹاک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔داجل سے نامہ نگار کے مطابق کوہ سلیمان میں بارشوں کے باعث علاقہ پچادھ کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جس کی وجہ سے ہڑند روڈ لعل گڑھ کا راستہ اور دربار حضرت امیر حمزہ سلطان اور چٹول کا راستہ منقطع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔جلہ جیم او گر دو نواح میں رات بھر بو ند ابا ندی جا ری رہی ،بارش  کی وجہ سے گند م کی کٹا ئی  تاخیر سے ہوگی۔ میلسی اور مضافات میں رات بھر بارش سے جل تھل ہو گیا بارش سے گندم کی فصل  کونقصان پہنچا اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔گڑھ مہاراجہ شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ گلیاں بازار اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں ۔
تازہ ترین