• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بال جھڑنے سے روکنے والی 5 غذائیں کونسی ہیں؟

لمبے گھنے اور چمکدار بال سب ہی کی خواہش ہوتے ہیں اور بالوں کا جھڑنا، گنج پن انسان کو پریشان کر دیتا ہے، بال گرنے سے بچانے کے لیے بالوں کے لیے مطلوب غذائیت سے بھرپور چند غذاؤں کے استعمال سے اس شکایت سے جان چھڑائی جا سکتی ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق غذائیت کی کمی، ذہنی دباؤ، غیر متوازن ہارمونز، ماحولیاتی آلودگی، کیمیکل والی مصنوعات کا استعمال اور عمر بڑھنے کے سبب بال جھڑ سکتے ہیں جبکہ جھڑتے بالوں کو روکنے کے لیےکیمیکل مصنوعات کے بجائے غذا میں مثبت تبدیلی لا کر بالوں کو جھڑنے سے روکا جا سکتا ہے ۔

بال خوبصورت اور مضبوط بنانے کے لیے مندرجہ ذیل غذاؤں اور وٹامنز کا استعمال لازمی کریں ۔

بالوں کی صحت کے لیے مفید وٹامنز

زنک کے استعمال سے نئے بالوں کی افزائش آسان ہوتی ہے اور بال گھنے ہوتے ہیں ۔

آئرن کے استعمال سے بالوں کے  جھڑنے کا عمل سست ہوتا ہے جبکہ بے جان اور روکھے بالوں کی صحت بہتر ہوتی ہے ۔

بائیوٹن کا استعمال بال واضح طور پر گھنے بناتا ہے، بائیوٹن بالوں کی افزائش کے لیے مطلوب پروٹین کیروٹین فراہم کرتا ہے جس سے بال موٹے اور گھنے ہوتے ہیں ۔

وٹامن سی کے استعمال سے کمزور اور متاثرہ بالوں کی صحت بہتر ہوتی ہے ۔

وٹامن اے کا استعمال بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے جس کے سبب نئے بالوں کے نکلنے کا عمل تیز ہوتا ہے ۔

پروٹین کا استعمال بالوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہے ، پروٹین کی کمی بھی بالوں کے جھڑنے کا سبب بنتا ہے ۔

بالوں کو صحت مند اور خوبصورت بنانے کے لیے وٹامنز اور منرلز حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ یہ 5 غذائیں ہیں :

دالیں اور پھلیاں

دالیں اور پھلیوں کا استعمال انسانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے ، دالوں اور پھلیوں میں پروٹین پایا جاتا ہے جس کے سبب بے جان اور مرجھائے ہوئے بالوں کو نئی زندگی ملتی ہے ۔

دن میں کم کاز کم کسی ایک دال یا پھلی کا استعمال لازمی کریں ، دال کا سوپ بنا کر بھی پی سکتے ہیں ۔

دال کا ہیئر ماسک بنانے کے لیے ایک چمچ مسور کی دال ( رات بھر بھیگی ہوئی) ، ایک چمچ دہی اور ایک چمچ کاسٹر آئل لے لیں، اب ان تینوں اجزا کو اچھی طرح بلینڈ کر لیں، اس مرکب کو 30 منٹ کے لیے بالوں کی جڑوں سے سروں لگائیں اور بعد میں دھو لیں ۔

شکر کندی

شکر کندی بیٹا کیروٹین ، وٹامن اے حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ، روکھے بے جان بالوں کے لیے شکر کندی کا استعمال نہایت مفید ہے ، شکر کندی کا استعمال اپنی غذا میں لازمی کریں ۔

ہیئر ماسک بنانے کے لیے ایک چمچ پسے ہوئی شکر کندی ،2 چمچ شہد ، 2 چمچ دہی اور ایک چمچ لیموں کا رس لے لیں ، اب ان ساب اجزا کو اچھی طرح ملا کر 30 منٹ کے لیے بالوں پر لگائیں اور دھولیں، بال قدرتی طور پر نرم ملائم اور سلجھ جائیں گے ۔

انڈوں کا استعمال

انڈے بھی پروٹین اور اومیگا تھری، گڈ فیٹ حاصل کا بہترین ذریعہ ہے ، انڈے کا استعمال بالوں کو لمبا اور نئے بالوں کے نکلنے کا سبب بنتا ہے ، انڈے میں بائیوٹین ، سیلینیم ، زنک کی مقدار بھی پائی جاتی ہے ۔

انڈوں کا استعال اپنی غذا میں روزانہ کی بنیادپر کرنا چاہیے ۔

انڈے سے ہیئر ماسک بنانے کے لیے ایک انڈہ اچھی طرح پھینٹ لیں، اب اس میں ایک چچ کھوپرے کا تیل ملائیں اور یکجان کر لیں ، اس ماسک کو 20 منٹ کے لیے بالوں پر لگائیں ۔

کڑی پتا

غذائیت سے بھرپور کڑی پتے میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزا بھی پائے جاتے ہیں ، کڑی پتے کا استعمال قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور خون سے مضر صحت مادوں کا صفایا کرتا ہے جس کے سبب بالوں کی صحت بھی اچھی ہوتی ہے ۔

بہترین نتائج کے لیے نہار منہ 5 سے 6 کڑی پتے کھائیں ۔

کڑی پتے سے ہیئر ماسک بنانے کے لیے کڑی پتے کے 5 پتوں کو اچھی طرح سے پیس لیں ، اس اس میں ایک چمچ میتھی کے بیج ( رات بھر بھیگے ہوئے) اور ایک چمچ دہی شامل کریں ، اب ان تینوں اجزا کو بلینڈر کی مدد سے اچھی طرح یک جان کر لیں، یہ مرکب سر پر 30 منٹ لگائیں۔

بالوں کی صحت کے لیے آملے کا استعمال

آملہ پھل وٹامن سی سے بھر پور پھل ہے، آملے کا استعمال بالوں کو جھڑنے ، سفید ہونے سے روکتا ہے جبکہ اس کی اینٹی بیکٹیرل خصوصیات بالوں کو خشکی اور بالوں کی جڑوں کو کئی بیماریوں سے بچاتی ہیں۔

خوبصورت ، لمبے ، گھنے چمکدار بالوں کے لیے روزانہ نہار منہ 30 ملی لیٹر آملے کا جوس پئیں ۔

ہیر ماسک بنانے کے لیے ایک چمچ آملے کا جوس ، ایک چمچ ایلوویرا جیل اور چمچ دہی ملا لیں، اب اس مرکب کو بالوں کی جڑوں سے سروں تک 30 منٹ کے لیے لگائیں ۔

تازہ ترین